کریم اوراوبرمعاملہ پنجاب میں کمیٹی قائم جب کہ سندھ میں فیصلہ ایک ماہ کیلیے معطل

اوبر اور کریم کو قانون اور ٹیکس کے دائرے میں لائیں گے، چیرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی عمر سیف


ویب ڈیسک January 31, 2017
اوبر اور کریم کو قانون اور ٹیکس کے دائرے میں لائیں گے، چیرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی عمر سیف ۔ فوٹو فائل

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ٹیکسی سروسز کے معاملے سے متعلق کمیٹی تشکیل دے دی جب کہ سندھ حکومت نے سروس کو ریگولیٹ کرانے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اوبر اور کریم ٹیکسی سروسزکی فراہمی کے معاملے پر کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو رپورٹ تیار کرکے شہبازشریف کو پیش کرے گی۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیرمین عمر سیف کا کہنا تھا کہ اوبراور کریم کو خود پاکستان لے کر آئے ہیں اور ٹیکسی سروسز ہماری معاونت سے ہی شروع ہوئی ہے تاہم ان کمپنیوں کو ریگولیٹ کرنا ضروری ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :پنجاب میں نجی کیب سروس پر پابندی

عمر سیف نے کہا کہ حکومت نے کمپنیوں پر پابندی سے متعلق کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا البتہ ٹیکسی کی سروس فراہم کرنے کے لیے نیا طریقہ کار طے کیا جائے گا کیونکہ اوبر اور کریم پاکستان میں کوئی ٹیکس ادا نہیں کررہے، ہم انہیں قانون اور ٹیکس کے دائرے میں لائیں گے اور نئے ٹیکس قوانین کے تحت باضابطہ کاروبار کے طور پر رجسٹرڈ کریں گے۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے بھی کراچی میں کیب سروس مہیا کرنے والی دونوں کمپنیوں ''اوبر'' اور''کریم'' کی گاڑیاں بند کرنے کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک کو خط لکھ دیا ہے اور سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ایک ماہ کی مدت میں ریگولیٹ کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی ٹریفک کراچی آصف اعجازشیخ کے مطابق پرائیویٹ گاڑیوں کوٹیکسی پرچلانا غیرقانونی ہے، آج سے پرائیویٹ ٹیکسی چلانے والوں کے خلاف مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جب کہ پرائیویٹ گاڑیوں کو کمرشل کرنا ہوگا۔

اس حوالے سے سیکریٹری ٹرانسپورٹ طحٰہ فاروقی کا کہنا تھا کہ نجی کمپنیوں کو ٹیکسیاں چلانے کے لیے 3 قسم کے اجازت نامے حاصل کرنا ہوتے ہیں، اس کے علاوہ محکمہ ایکسائز سے روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ بھی حاصل کرنا بھی لازمی ہے، 6 ماہ قبل نوٹس جاری کرنے کے باوجود کمپنیوں نے قانون پر عمل درآمد نہیں کیا، دونوں کمپنیوں کو بارہا نوٹسز بھیج چکے ہیں۔

وزیرٹرانسپورٹ سندھ ناصرشاہ کا کہنا ہے کہ ٹیکسی سروس پرپابندی پنجاب حکومت نے لگائی ہے، ہم بھی ٹیکسی سروس کو بند کرنا چاہتے تو کردیتے لیکن یہ سروس بند نہیں کرنا چاہتے کیونکہ ٹرانسپورٹ کے دیگر ذرائع کی حالت زار بھی بہتر نہیں، اس لیے ہم نے نجی ٹیکسی سروس کونوٹس بھجوایا ہے تاکہ کمپنیاں کم از کم قانونی تقاضے تو پورا کریں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |