بیرون ملک دولت چھپانے پر مقامی اثاثے ضبط کرنے کی تجویز

مالی سال 2017-18 کے وفاقی بجٹ میں شامل کرنے کے حوالے سے رپورٹ مرتب کی جائے گی، ذرائع

ہرقسم کی آمدن پرٹیکس لگانے سمیت متعدد تجاویز، نئے بجٹ کاابتدائی خاکہ تیار، کل ٹیکس اصلاحات کمیشن کی عملدرآمد کمیٹی جائزہ لے گی،ذرائع فوٹو: فائل

وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں خفیہ و مشکوک اقتصادی سرگرمیوں پر جرمانے بڑھانے، بیرون ملک اثاثے وبینک اکاؤنٹس ظاہر نہ کرنے والے پاکستانیوں کے پاکستان میں موجود اثاثے ضبط کرنے سمیت دیگر تجاویز کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ ایف بی آر نے بجٹ کے ابتدائی خدوخال کا مسودہ تیار کرلیا ہے،آئندہ بجٹ میں ٹیکس اصلاحات کمیشن کی باقی رہ جانے والی سفارشات کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے وزیراعظم کے مشیر برائے ریونیو ہارون اختر کی سربراہی میں قائم کردہ خصوصی کمیٹی نے باقاعدہ طور پر کام شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے لیے ٹیکس سے متعلقہ تجاویز کے ابتدائی خدوخال کا جائزہ لینے کے لیے ٹیکس اصلاحات کمیشن کی عملدرآمد کمیٹی کا پہلا اجلاس ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں جمعرات کو منعقد ہوگاجس کی صدارت وزیراعظم کے مشیر برائے ریونیو ہارون اختر کریں گے، اجلاس میں ٹیکس اصلاحات کمیشن کے ممبران اور کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کمیٹی کے اراکین شرکت کریں گے۔


ذرائع کے مطابق مالی سال 2017-18 کے وفاقی بجٹ میں شامل کرنے کے حوالے سے رپورٹ مرتب کی جائے گی اور مارچ میں مذکورہ کمیٹی کے تسلسل کے ساتھ اجلاس ہوں گے جن میں ان تجاویز کو فائنل کیا جائے گا جو آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں شامل کی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کی فنڈنگ کے لیے بہت زیادہ آمدنی کمانے والے اداروں اور انفرادی ٹیکس دہندگان پر عائد سرچارج ٹیکس ایئر 2018 تک برقرار رکھا جائے گا۔

ٹیکس اصلاحات کمیشن (ٹی آر ایس) نے تمام وفاقی، صوبائی اور مقامی ٹیکس اکھٹے کرنے کے لیے نیشنل ٹیکس ایجنسی قائم کرنے اور تمام ٹیکس قوانین، نوٹیفکیشنز، رولزاور سرکلرز اردو میں شائع کرنے کی تجویز دی ہے، اس کے علاوہ خفیہ و مشکوک اقتصادی سرگرمیوں کے لیے جرمانے بڑھانے، بیرون ملک اثاثے و بینک اکاؤنٹس ظاہر نہ کرنے والے پاکستانیوں کے پاکستان میں موجود اثاثے ضبط کرنے سمیت دیگر سزاؤں کی تجاویززیر غور ہیں، اس کے علاوہ نئے بجٹ میں تمام ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدنی پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
Load Next Story