بالی ووڈفلموں کو اجازت سینما مالکان انتظامات کرنے لگے

سینماگھروں کوجدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کیلیے مشینری امپورٹ کی جانے لگی

سینماگھروں کوجدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کیلیے مشینری امپورٹ کی جانے لگی۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

PESHAWAR:
حکومت کی جانب سے امپورٹ قوانین کے تحت بالی ووڈ اورہالی ووڈ اسٹارزکی فلموں کونمائش کے اجازت ملنے کے بعد سینما گھروں کی انتظامیہ نے شائقین کوانٹرٹین کرنے کے لیے سینما ہال میں جمی دھول، مٹی کی صفائی کے ساتھ کھانے پینے کی اشیاء کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے انتظامات تیز کردیے، یہی نہیں متعدد سینما گھروں نے تزئین وآرائش کے ساتھ فارغ کیے جانے والے اسٹاف کوبھی دوبارہ سے کنٹریکٹ پرملازمت دینا شروع کردی ہے۔


ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ لاہور، کراچی، فیصل آباد، گوجوانوالہ اورروالپنڈی سمیت دیگرشہروں میں نئے سینما گھروں کے پروجیکٹس ، جن کی تعمیر فلموں کی آمد پرپابندی کے باعث روک دی گئی تھی، اب ان کی تعمیرکا عمل دوبارہ سے شروع کردیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں نئے سینما گھروں کوجدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے ڈیجیٹل ساؤنڈ سسٹم ، لینز اوراسکرین کے علاوہ دیگرمشینری امپورٹ کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ جدید طرز کی صوفہ سیٹیں، کھانے پینے کے لیے صاف ستھری کینٹین، پارکنگ اورخاص طورپربچوں کی تفریح کے لیے جھولے بھی لگوائے جائینگے۔

اس حوالے سے سینما انڈسٹری کے سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سینما کلچر کوفروغ دینے کے لیے نئے سینما گھروں کو خاصی محنت کرنا ہوگی۔ بلکہ جوسینما گھراس وقت بہتر کاروبارکررہے ہیں، ان کوبھی شائقین کوبہترین سہولیات فراہم کرنا ہونگی، تاکہ بے پناہ مسائل سے دوچار لوگ جب اپنی فیملیز کے ساتھ سینما گھروں کا رخ کریں تووہ یہاں پریشان ہونے کے بجائے خوب انجوائے کریں۔
Load Next Story