پاک بھارت ون ڈے سیریز پاکستان نے سبزہلالی پرچم بھارتی سرزمین پرلہرادیا

پاکستان کے250رنز کے جواب میں بھارتی ٹیم 165 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔


ویب ڈیسک January 03, 2013
بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر کپتان مصباح الحق اور عمر گل خوشی سے سرشار۔ فوٹو : بی سی سی آئی

پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں بھارت کو 85 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریزاپنے نام کرلی۔سیریز میں مسلسل دوسری سنچری اسکور کرنے پر ناصر جمشید مین آف دی میچ قرار پائے۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے پاک بھارت سیریز کے دوسرے میچ میں بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور ناصر جمشید نے شاندار انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور 141 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ محمد حفیظ 76 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی کریز پر نہ ٹھہر سکا اور 182 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے 4 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

ناصر جمشید نے دوسرا اینڈ سنبھالے رکھا اسی دوران انہوں نے بھارت کے خلاف اپنی مسلسل تیسری اور سیریز میں دوسری سنچری اسکور کی۔ قومی ٹیم کو پانچواں نقصان ناصر جمشید ہی کی صورت میں اٹھانا پڑا انہوں نے 106 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ اوپنر کے آؤٹ ہونے کے بعد دیگر کھلاڑی بھی ایک ایک کرکے پویلین لوٹتے رہے اور 48.3 اوورز میں پوری ٹیم 250 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے ایشانت شرما اور جدیجا نے 3،3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

جواب میں بھارتی ٹیم 165 رنز ہی بنا پائی، بھارت کی جانب سے گوتھم گھمبیر اور وریندر سہواگ نے اننگر کا آغاز کیا، گوتم گھمبیر11رنز بناکر جنید خان کی گیند پر بولڈ ہوئے،ویراٹ کوہلی بھی کوئی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 6 رنز کے انفرادی اسکور پر جنید کی ہی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی تیسری وکٹ وریندر سہواگ کی صورت میں گری انہیں عمر گل نے 31 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین کی راہ دکھائی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے یوراج سنگھ کا بلا دوسرے ون ڈے میں بھی خاموش رہا وہ بھی عمر گل کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے انہوں نے 10 رنز بنائے تھے۔ 95 رنز کے مجموعی اسکور پر سریش رائنا محمد حفیظ کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 18 رنز بنائے۔ 103 رنز پر روی چندرن ایشون کی صورت میں بھارت کو چھٹی وکٹ کا نقصان برداشت کرنا پڑا،انہوں نے 22 گیندوں پر 3 رنز بنائے۔

ایک جانب بھارتی کھلاڑی ایک ایک کرتے پویلین لوٹتے رہے اور دوسرے اینڈ پر کپتان مہندر سنگھ دھونی پاکستان کی فتح اور اپنی شکست کے مناظر دیکھتے رہے۔ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں جدیجہ نے دھونی کے ساتھ مل کر مزاحمت کی کوشش کی لیکن وہ بھی 13 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے، جدیجہ کے بعد آنے والے بھونیشور کمار اور اشوک ڈینڈا تو اپنا کھاتہ بھی نہ کھول پائے، تینوں وکٹیں سعید اجمل نے حاصل کیں اور 165 رنز پر بھارتی اننگز کا خاتمہ ہوگیا ۔

واضح رہے کہ دوسرے میچ میں فتح کے بعد پاکستان کو ایک روزہ میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے ۔اس سے قبل پاکستان نے بھارت کو 7 برس قبل ایک روزہ سیریز میں شکست دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں