طاہرالقادری کا ایجنڈا صرف عام انتخابات کو ملتوی کرانا ہے نواز شریف

طاہرالقادری کی حمایت کرنی والی جماعتیں اقتدار کے مزے لوٹ رہی ہیں اور اپنی ہی حکومت کے خلاف لانگ مارچ کررہی ہیں

طاہرالقادری کی حمایت کرنی والی جماعتیں اقتدار کے مزے لوٹ رہی ہیں اور اپنی ہی حکومت کے خلاف لانگ مارچ کررہی ہیں۔ نواز شریف فوٹو فائل

KARACHI:
صدرمسلم لیگ(ن) نوازشریف نے کہا ہےکہ ڈاکٹرطاہرالقادری کا ایجنڈا صرف اورصرف آئندہ عام انتخابات کو ملتوی کرانا ہے۔

رائے ونڈ میں جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نواب طلال اکبربگٹی نے مسلم لیگ (ن)کے صدرنوازشریف سے ملاقات کی اس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو مصرکا تحریراسکوائر بنانے والوں کو یہ بات معلوم ہونی چاہئے کہ وہاں لوگ ملک کو ڈکٹیٹرسے نجات دلانے کے لئے جمع ہوئے تھے جب کہ پاکستان تو جمہوریت کی راہ پرگامزن ہے، انہوں نے کہا کہ کینیڈا کی قومیت رکھنے والے طاہرالقادری ملک میں آکرلانگ مارچ کی کال دے رہے ہیں اوریہ کیسا مذاق ہے ایک طرف تو ان کی حمایت کرنے والی جماعتیں اقتدار کے مزے لوٹ رہی ہیں اوردوسری جانب اپنی ہی حکومت کے خلاف لانگ مارچ کررہی ہیں۔


نوازشریف نے کہا کہ طاہرالقادری کوآج ملک کا درد جاگ اٹھا وہ اس وقت کہاں تھے جب اس ملک میں کئی سیلاب آئے اکبربگٹی کوقتل کیا گیا، انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری اوردیگرجماعتوں کا مقصد صرف مسلم لیگ (ن)کونقصان پہنچانا ہےلیکن ن لیگ آئندہ عام انتخابات میں ان کا بھرپورمقابلہ کرے گی۔

صدرمسلم لیگ(ن)نے کہا کہ حکومت اوراپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں ہی ملک میں ایک غیرجانبدارالیکشن کمیشن آیا اسی طرح امید ہے کہ نگران بھی آئیں گے۔

اس موقع پرمیڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ طلال اکبربگٹی نے کہ طاہرالقادری کی انتخابات کو سبوتاژکرنے کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے ساتھ مل کرآئندہ عام انتخابات میں حصہ لے کر کرپٹ لوگوں کے اسمبلیوں میں آنے کا راستہ روکیں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story