ملک میں مذہب اورسیاست کے نام پر نوجوانوں کو برباد کرنیوالوں کی کمی نہیں وزیراعظم

دھرنوں کے لیے ہمارے پاس وقت نہیں ہے ہمارا ایجنڈا ترقی اور خوشحالی ہے، وزیراعظم نواز شریف


ویب ڈیسک February 03, 2017
قوم کی تعمیر کھیل نہیں اس کے لیے وژن، جذبہ اور عوام سے محبت ضروری ہے، وزیراعظم۔ فوٹو : پی آئی ڈی

وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو اپنے مفاد کے لیے کبھی مذہب اور کبھی سیاست کے نام پر نوجوانوں میں ہیجان پیدا کرتے ہیں لہذا ہمیں اپنی نئی نسل کو ایسے لوگوں سے بچانا ہے۔



کراچی حیدرآباد ایم نائن موٹروے سیکشن ون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تعمیر وطن کے سفر میں آج ایک نیاسنگ میل عبور کرنے جارہے ہیں، کراچی حیدر آباد موٹر وے کا افتتاح بھی اس سلسلے کی کڑی ہے، راستہ مشکل ہو تو منزل تک رسائی بھی مشکل ہوجاتی ہے، اس لیے منزل تک پہنچنا ہے تو پہلے راستوں کو آسان بنانا ہو گا، فاصلے کم ہوتے ہیں تو لوگ قریب آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے فاصلے کم ہوں گے اور تجارتی فاصلے رواں دواں ہوں گے، کراچی حیدرآباد موٹروے پر 60 فیصد تک کام مکمل ہوچکا ہے اور باقی کام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔





وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ آج لوگ اپنی آنکھوں سے ایک نیا پاکستان تعمیر ہوتا دیکھ رہے ہیں، موٹر وے اور میٹرو اب خیالی باتیں نہیں رہیں، ہم نے اس خواب کو تعبیر دی ہے، یہ وہ وعدے ہیں جوہم نے 2013 میں کیے تھے جن کو پورا کررہے ہیں اور 2018 تک تمام وعدے پورے کریں گے۔ ملک میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو اپنے مفاد کے لیے کبھی مذہب اور کبھی سیاست کے نام پر نوجوانوں میں ہیجان پیدا کرتے ہیں، ان کے اخلاق کو برباد کرنے کی کوشش کرتے ہیں، عوام جانتے ہیں کہ یہ لوگ نوجوانوں اور قوم سے مخلص نہیں ہیں لہذا ہمیں اپنی نئی نسل کو ایسے لوگوں سے بچانا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : وزیراعظم نے کراچی حیدرآباد موٹروے کے تکمیل شدہ حصے کا افتتاح کردیا



وزیراعظم نے کہا کہ تعمیر ایک وژن کا تقاضا کرتی ہے، قوم کی تعمیر کھیل نہیں اس کے لیے وژن، جذبہ اور عوام سے محبت ضروری ہے اور اسی کے تحت ہم نے 3 سال پہلے تعمیر پاکستان کے سفر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج کچھ لوگ کہتے ہیں سڑکوں کی کیا ضرورت ہے تاہم چارٹر طیاروں پر اڑنے والوں کو سڑکوں کی ضرورت نہیں، اس موٹر وے کی ضرورت عوام کو ہے، مزدوروں اور کسانوں کو سڑکوں کی ضرورت ہے، جو لوگ ہیلی کاپٹر اور چارٹر طیاروں میں اڑتے ہیں ان کوسڑکوں کی اہمیت کا کیا پتا لہذا طیاروں میں سفرکرنے والے دیکھیں کہ عوام کو سڑکوں کی کتنی ضرورت ہے۔



وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بہت تیزی سے ترقی ہورہی ہے اور صوبے میں سڑکوں کا ایک عظیم الشان جال بن رہا ہے، گوادر ایک اہم بندر گاہ بننے جارہی ہے اور حکومت کی اس پر پوری توجہ مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نقشہ تبدیل ہورہا ہے، بجلی پاکستان میں واپس آگئی ہے جب کہ مزید 10 ہزار میگا واٹ بجلی رواں سال سسٹم میں شامل کریں گے تاہم اس ملک کے ساتھ ظلم کیا گیا اس بارے میں سوال ہونا چاہیے۔



وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم ترقی پر توجہ دے رہے ہیں دھرنوں کے لیے ہمارے پاس وقت نہیں ہے، وہ کرتے رہیں دھرنے ہم اپنے کام کو کرتے رہیں گے، لوگوں کو پتہ لگ جائے گا کہ کون دھرنے والے ہیں اور کون ترقی والے، ہمارا ایجنڈا ترقی اور خوشحالی ہے اس میں ہم کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے لہذا دھرنے والے آکر اس میں ہمارا مقابلہ کریں جب کہ دھرنے والوں کا فیصلہ لوگ پہلے ہی کرچکے ہیں وہ جانتے ہیں کہ کون کام کرتا ہے اور کون دھرنوں میں اپنا وقت ضائع کرتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |