کالعدم اور نام بدل کر کام کرنے والی تنظیموں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

ان تنظیموں کے دفاترسیل، سرگرمیوں پر پابندی اور رہنماؤں کارکنوں کونظر بند کر دیاجائے گا


عامر خان February 04, 2017
تنظمیوں کے مالی معاملات اور فنڈز کے ذرائع بھی چیک کیے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: وفاقی حکومت نے ملک بھر میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت ''کالعدم اور نام بدل ''کر کام کرنے والی تنظیموں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا ہے۔

موثر حکمت عملی کے تحت کالعدم تنظیموں کے اہم رہنماؤں اور فعال کا رکنوں کو'' ایم پی او '' کے تحت نظر بند کیا جائے گا۔ ان کی تمام سر گرمیوں پر مکمل پاپندی عائد کرنے کے ساتھ ان کے ذیلی اداروں و دفاتر سیل مالی ودیگر اثاثے قانون کے مطابق سیل کردیے جائیں گے۔ اس حوالے سے کارروائی صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے کی جائے گی۔ اس معاملے پر اہم حکمت عملی کی مجاز اتھارٹی سے منظوری کے بعد کارروائی شروع کردی جائے گی۔

دوسری جانب وفاق حکومت کے اہم ترین ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاق میں انتہائی اعلیٰ سطح پر کالعدم اور نام بدل کر کام کرنے والی تنظیموں کے خلاف موثر کارروائیوں کے امور پر اہم مشاورت کی گئی ہے ۔اس مشاورت میں ان تنظیموں کی تمام سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا ہے ۔اس مشاورت میں طے کیا گیا ہے کہ فورتھ شیڈول لسٹ کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گااوراس میں ان تمام کالعدم اور نام بدل کر کام کرنے والی تنظیموں کے اہم رہنماؤں اور کارکنان کو شامل کیا جائے گا جن کے نام اب تک شامل نہیں ہوسکے ہیں۔ علاقائی سطح پر اس سلسلے میں انٹیلیجنس اور سیکیورٹی ادارے خفیہ سروے کریں گے اور دستیاب معلومات کی بنیاد پر کارروائی کیلیے حکمت عملی طے کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تنظمیوں کے مالی معاملات اور فنڈز کے ذرائع بھی چیک کیے جائیں گے۔ ان کے تمام اثاثوں کو منجمد کردیا جائے گا۔ سیکیورٹی اداروں کی سفارش کے تحت ان تنظیموں کے اہم رہنماؤں اورکارکنان کے ناموں کو ''ایگز کٹ کنٹرول لسٹ ''میں شامل کیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں