چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد عدلیہ کو کسی حاکم سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔
جہلم بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے افتخار محمد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج یہ بات پورے وثوق سے کہی جاسکتی ہے کہ اعلیٰ عدلیہ میں کوئی کرپشن نہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ عدلیہ کے وقار میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج عدلیہ قانون اور آئین کے مطابق فیصلے کر رہی ہے اور حکومت نے تعاون فراہم کیا تو انصاف کی جلد فراہمی اور تیز ہوجائے گی، حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ انصاف کی جلد فراہمی کو ممکن بنائے۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ملک کے معاشی حالات کے باعث حکمرانوں کو بھی نئے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن قانون پر عمل کرکے ہی ان چیلنجز سے نمٹا جاسکتا ہے۔
افتخار محمد چوہدری نے اپنے خطاب میں ججز کی تعداد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مارچ میں حکومت کو ججز کی تعداد بڑھانے کے لئے پلان بھجوایا تھا جس میں ضلع کی آبادی کے لحاظ سے ججز کی تعداد بڑھانے کی سفارشات تھیں لیکن وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اب تک اس پلان پرعمل نہیں کیا۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم کو بھی براہ راست خط لکھا گیا تھا لیکن ان کی جانب سے بھی کوئی جواب نہیں آیا۔