ڈونلڈ ٹرمپ نے 7 مسلم ممالک پر سفری پابندی کے احکامات واپس لے لئے

ریاست واشنگٹن کے شہر سیاٹل کی وفاقی عدالت نے امریکی صدر کے احکامات کیخلاف فیصلہ سنایا تھا۔

ریاست واشنگٹن کے شہر سیاٹل کی وفاقی عدالت نے امریکی صدر کے احکامات کیخلاف فیصلہ سنایا تھا۔ فوٹو:فائل

عدالتی احکامات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 7 مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکا داخلے پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریاست واشنگٹن کے شہر سیاٹل کی وفاقی عدالت کے ڈسٹرکٹ جج جیمز رابرٹ نے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا تھا کہ 7 مسلم ممالک کے شہریوں کو روکنے کا حکم نامہ معطل رکھا جائے اور حکم نامے کا اطلاق امریکا بھر میں ہوگا تاہم عدالتی فیصلے کے بعد امریکی محکمہ خارجہ نے 7 اسلامی ممالک کے شہریوں پر عائد ویزا منسوخی کا فیصلہ واپس لے لیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کے نئے صدارتی حکم نامے

عدالت میں حکومتی وکیل کا مؤقف تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارتی حکم نامے کوچیلنج نہیں کیا جا سکتا جسے عدالت نے مسترد کردیا۔ ٹرمپ انتظامیہ نے اس عدالتی فیصلے کو زیادتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا ایگزیکٹیو آرڈرز کے حوالے سے مؤقف ہے کہ انھوں نے ایسا امریکا کے تحفظ کے لیے کیا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر نے عدالتی فیصلے کے بعد معزز جج کو نام نہاد قرار دیتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ نام نہاد جج کی رائے ملک میں قانون نافذ کرنے میں رکاوٹ پیدا کرے گی جب کہ یہ فیصلہ غیر اخلاقی ہے جسے تبدیل کیا جائے گا۔




اس خبرکوبھی پڑھیں: ٹرمپ نے حکم عدولی پر اٹارنی جنرل کو برطرف کردیا

صدر ٹرمپ کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندی کے نتیجے میں 60 ہزار افراد کے ویزے منسوخ کئے گئے جس کے خلاف ابتدائی طور پر مقدمہ ریاست واشنگٹن نے درج کروایا جس کے بعد مینیسوٹا کی ریاست بھی اس میں شریک ہوگئی۔ واشنگٹن کے اٹارنی جنرل باب فرگوسن نے اس پابندی کو غیرقانونی اور غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ پابندی لوگوں میں ان کے مذہب کی بنیاد پر تفریق پیدا کر رہی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: امریکا کی 4 ریاستیں ٹرمپ حکم نامے کیخلاف عدالت پہنچ گئیں

دوسری جانب ٹرمپ کے خلاف امریکا بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ نیو یارک میں جان ایف کینڈی ایئرپورٹ کے باہر مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے مسلمانوں کے ساتھ مل کر امریکی صدر کے اقدامات کی پرزور مذمت کی۔

 
Load Next Story