ایڑی چوٹی کا زور لگانا رائیگاں بھارت بگ تھری کی بقا کیلیے جنگ ہار گیا

بورڈز کو شیشے میں اتارنے کی کوشش ناکام، چیمپئنز ٹرافی کے بائیکاٹ کی دھمکی ختم


Sports Desk February 05, 2017
آئی سی سی کے فیصلوں کوآئندہ میٹنگ تک موخرکرنے کی درخواست بھی مسترد۔ فوٹو: فائل

لاہور:

بھارت ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے باوجود بگ تھری کی بقا کیلیے جنگ ہار گیا۔


آئی سی سی اجلاس میں بھارت نے سپریم کورٹ کے مقرر کردہ ایڈمنسٹریٹروکرم لیمائی کو ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلیے نامزد کیا۔ دوسری جانب بی سی سی آئی کے سیکریٹری امیتابھ چوہدری اور خزانچی انیردھ چوہدری دیگر کرکٹ بورڈز کے عہدیداروں سے ملاقاتوں میں بگ تھری کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے۔


بھارتی نمائندوں کواندازہ ہوچکا تھا کہ تبدیلی کے خواہاں 9 ملکوں کی رائے تبدیل کرنا ممکن نہیں ہوگا، اس لیے انہوں نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے دستبردار ہونے کی دھمکی دینے کے بجائے فیصلوں کو جولائی میں ہونے والی آئندہ میٹنگ تک موخر کرنے کی درخواست بھی کی۔


دوسری جانب بگ تھری سے باہر ایک ممبر ملک کے عہدیدار نے بتایا کہ بی سی سی آئی کی جانب سے مالیاتی نظام کی تبدیلی کیخلاف بھرپور مہم چلائی گئی،آفیشلز کو قائل کرنے کی کوشش ہوئی کہ بھارت کا ریونیومیں سے حصہ کم کرنے سے عالمی کرکٹ کا نقصان ہوگا، بھارتی مارکیٹ بہت بڑی ہے،باہمی سیریز میں دوسرے ملکوں کو بھی زیادہ فائدہ حاصل ہوگا۔


عہدیدار نے بتایا کہ ماضی میں بی سی سی آئی آفیشلز کا لہجہ تحکمانہ ہوتا تھا، اس بار دوستانہ نظر آیا، انھوں نے یہ موقف بھی اختیار کیا کہ ملک میں موجود عہدیداروں کی جانب سے دیے جانے والے مینڈیٹ کی وجہ سے بھی دباؤ ہے کہ ہم بگ تھری کے خاتمے کی مخالفت میں آواز اٹھائیں۔ عہدیدار نے کہا کہ ہم سے یہ سوال کیا جا سکتا ہے کہ 2014میں ناانصافی پر مبنی اس منصوبے کی حمایت کیوں کی تو اس کا جواب یہ ہے کہ ہمارے پاس اس وقت ہاں کرنے کے سوا کوئی دوسرا راستہ ہی نہیں تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں