دوسرے ون ڈے پر اینٹی کرپشن یونٹ کی بھی گہری نظر

ڈریسنگ رومز میں 8، 8، اسٹیڈیم کے اندر اور باہر 145 کلوز سرکٹ کیمرے نصب ہوئے۔


Sports Desk January 04, 2013
گرین شرٹس کو سپورٹ کرنے کیلیے چند پاکستانی بھی ایڈن گارڈنز میں موجود رہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان اور بھارت کے درمیان کولکتہ میں کھیلے گئے ون ڈے پر آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے بھی گہری نظر رکھی، اسٹیڈیم کے اندر اور باہر 145 کلوز سرکٹ کیمرے نصب کیے گئے تھے۔

عام طور پر اے سی ایس یو کی جانب سے 120 کیمرے لگائے جاتے ہیں، مگر دونوں ممالک کے درمیان ہائی وولٹج مقابلے کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں کیمرے نصب کیے گئے تھے، دونوں ڈریسنگ رومز میں 8، 8 کیمرے لگے ہوئے تھے، پریس باکس سمیت تمام اہم مقامات پر کیمرے کے توسط سے پورا اسٹیڈیم اینٹی کرپشن آفیشلز کے نظر میں تھا، ان میں آئی سی سی کے ریجنل سیکیورٹی منیجرز نرنجن سنگھ ویرک اور دھرماویرسنگھ یادیو کے ساتھ بی سی سی آئی کے اینٹی کرپشن آفیسر روی سوانی شامل تھے۔

2

دریں اثنا دوسرے ون ڈے کے موقع پر گرین شرٹس کو سپورٹ کرنے کیلیے چند پاکستانی بھی کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں موجود تھے، بروقت ٹکٹیں فراہم نہ کیے جانے کی وجہ سے سرحد پار سے زیادہ افراد اس میچ کو دیکھنے کیلیے نہیں پہنچ پائے تھے۔ شکاگو سے آنے والے ایک شائق محمد بشیر کولکتہ میں بھی میڈیا میں چھائے رہے، انھوں نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کی پرفارمنس سے بہت خوش ہوں، یاد رہے کہ بنگلور میں ٹکٹ نہ ملنے پر اسٹیڈیم کے باہر دھرنا دینے پر پولیس نے ان سے تین گھنٹے تک پوچھ گچھ بھی کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔