چترال میں برفانی تودہ گھروں پرگرنے سے 14 افراد جاں بحق

برفانی تودے تلے دبے 2 افراد کو7 گھنٹے بعد بحفاظت زندہ نکال لیا گیا


ویب ڈیسک February 05, 2017
شدئد برفباری کے باعث چترال کا دیگر شیروں سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔ فوٹو: فائل

شیر شال کریم آباد میں برفانی تودہ گرنے سے 6 گھر دب گئے جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق چترال کے علاقے شیرشال کریم آباد میں 6 گھر برفانی تودے کی زد میں آ گئے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں 6 خواتین، 6 بچے اور 2 مرد شامل ہیں جس کی کمانڈنٹ چترال اسکاوٹس نظام الدین نے بھی تصدیق کردی ہے۔ دوسری جانب چترال میں 5 فٹ تک برف باری ہونے کے باعث ابھی تک امدادی کارروائیاں شروع نہیں ہوسکی ہیں، مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کام کرنے میں مصروف ہیں۔ اس کے علاوہ ارندو کے علاقے میں بھی اسکاؤٹس کے پوسٹ پر برفانی تودہ گرنے سے 7 جوان زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق شدید برفباری کے باعث چترال کا دیگر شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہے جب کہ برفانی تودے تلے دبے 2 افراد کو7 گھنٹے بعد بحفاظت نکال لیا گیا جن میں ایک مرد اورایک خاتون شامل ہے، اس کے علاوہ تودے تلے دبے افراد کی تلاش جاری ہے۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چترال میں برفانی تودہ گرنے کا واقعہ صبح سویرے پیش آیا، متاثرہ علاقے میں ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ برفانی تودے سے اب تک 7 لاشیں اور 2 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا ہے۔ چترال اسکاؤٹس کی چوکی سلائیڈنگ کی زد میں آنے سے ایک ایف سی اہلکار شہید اور 6 زخمی بھی ہوئے جنہیں ریسکیو کرلیا گیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے چترال میں برفانی تودے کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پرامدادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کی جب کہ وزیر اعظم نے این ڈی ایم اے کو بھی امدادی سرگرمیوں کو مربوط بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے متاثرین کو خوراک، طبی امداد اورچھتیں فراہم کرنے کا بھی حکم جاری کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں