کشمیری عوام نے اپنے لہو سے حق خود ارادیت کے لئے تاریخ رقم کی شہباز شریف

کشمیر تقسیم ہند کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے اسلئے عالمی ضمیر کو کشمیر پر بیدار ہونا پڑے گا، وزیراعلیٰ پنجاب


ویب ڈیسک February 05, 2017
کشمیری بھائی اپنی آزادی کی جدوجہد میں تنہا نہیں پاکستان ان کی اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا، شہبازشریف : فوٹو : فائل

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی آزادی اور بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں اور انہوں نے حق خودارادیت کے لئے اپنے لہو سے نئی تاریخ رقم کی ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی آزادی اور بقا کی جنگ لڑرہے ہیں اور کشمیری عوام نے اپنے لہو سے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری عوام عالمی برادری سے یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انہیں بنیادی حقوق سے کیوں محروم رکھا جارہا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پاکستان سمیت دنیا بھرمیں آج یوم یکجہتی کشمیرمنایا جارہا ہے

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیر تقسیم ہند کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے جبکہ حکومت پاکستان اور عوام نے ہمیشہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے جبرو تشدد اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی، عالمی ضمیر کو بھی کشمیر پر بیدار ہونا پڑے گا کیوں کہ خطے میں پائیدار امن کے لئے تنازع کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عوام کی امنگوں کی امیدوں کے مطابق ہونا انتہائی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے حق خود ارادیت سے انکار اخلاقی، سفاری اور سیاسی رویوں میں خامیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بھارت مقبوضہ كشمیر میں خونریزی بند كرے

کشمیری عوام کو ان کے حق خوداردیت سے محروم رکھنا قابل مذمت ہے، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف کردار ادا کرنا چاہیئے۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی آزادی کی جدوجہد میں تنہا نہیں، پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں