قائد اعظم ٹرافی کرکٹ کراچی بلوز نے پشاور کو 10 وکٹ سے زیر کرلیا

تنویر اور تابش کی 5،5 وکٹیں، خالد اور محتشم نے سنچریاں بناکر وائٹس کو ایبٹ آباد پر 218 رنز کی برتری دلادی

خراب روشنی کے باعث کوئٹہ اور ملتان کا میچ شروع نہ ہوسکا۔ فوٹو: فائل

قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے رائونڈ میں کراچی بلوز نے پشاور کو 10 وکٹ سے زیر کرلیا۔

اکبر رحمان کی عمدہ بیٹنگ کے ساتھ تنویر احمد اور تابش خان کی طوفانی بولنگ نے فتح میں اہم کردار نبھایا،دیگر وینیوز پر بیٹسمین چھائے رہے،خالد لطیف اور محتشم کی سنچریوں نے کراچی وائٹس کو ایبٹ آباد کے خلاف پہلی اننگز میں 218 رنز کی برتری دلا دی، راولپنڈی نے حیدرآباد کے خلاف پوزیشن بہتر بنالی،عدنان اکمل کی شاندار اننگز کے بعد لاہور راوی اور اسلام آباد کے مابین میچ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہوگیا۔ خراب روشنی کے باعث کوئٹہ اور ملتان کا میچ شروع نہ ہوسکا۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں گروپ اے کے میچ میں کراچی بلوز نے پشاور کے 166 رنز کے جواب میں 3 وکٹ کے نقصان پر 85 رنز کے ساتھ اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی،ٹیم75.2 اوورز میں 252 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، اکبر رحمان نے 15 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 96 رنز بنائے،وقار احمد نے 56رنز دے کر5 میزبان پلیئرز کو آئوٹ کیا،ریاض کے حصے میں 3وکٹیں آئیں، جواب میں پشاور کی ٹیم دوسری اننگز میں تنویر احمد اور تابش خان کی بولنگ کا سامنا نہ کر سکی اور محض 21.4 اوورز میں 95 رنز پر آئوٹ ہوگئی،اکبر بادشاہ اور ریاض آفریدی نے بالترتیب23 اور 19 رنز بناکر میزبان بولرز کے خلاف کچھ مزاحمت کی۔




پہلی اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کرنے والے تنویر احمد نے47 رنز دے کر5کھلاڑیوں کو واپس پویلین بھیجا، تابش خان نے 48 رنز کے عوض 5 وکٹیں اپنے نام کرکے کراچی بلوز کو 10 وکٹ سے فتح دلا دی۔این بی پی اسٹیڈیم پر گروپ بی میچ میں دوسرے روز کھیل کے اختتام پر کراچی وائٹس نے 4 وکٹ پر 364 رنز بنالیے،ایبٹ آباد کے خلاف پہلی اننگز میں اسے218 رنز کی برتری حاصل ہو گئی، گزشتہ روز کے اسکور43 رنز کے ساتھ دوبارہ کریز پر آنے والے خالد لطیف نے 155رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اس میں 8 چوکے اور 6 چھکے بھی شامل ہیں، دوسری سنچری داغنے والے محتشم نے10مرتبہ گیند کو بائونڈری لائن کے پار پہنچا کر 103 رنز اسکور کئے۔

سعید بن ناصر 36 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں،یاسر شاہ نے 2 وکٹیں لیں،دریں اثنا موصولہ اطلاعات کے مطابق حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم پر میزبان ٹیم کو 177 پر آئوٹ کرنے والی راولپنڈی کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 9 وکٹ پر233رنز بنائے، یوں اسے56 رنز کی سبقت مل گئی، اویس ضیا نے87 رنز جوڑے،اس میں 9 چوکے اورایک چھکا شامل رہا،عدنان مفتی 58 رنز کے ساتھ کریز پر ہیں،نعمان علی نے 3 مہمان کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بھیجا، زاہد اور شعیب لغاری نے 2،2 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا،اسلام آباد کے ڈائمنڈ گرائونڈ پر کھیل کے دوسرے روز لاہور راوی نے 9 وکٹ پر 186 رنز کے ساتھ نامکمل پہلی اننگز دوبارہ شروع کی اور 4 اوورز میں مزید 20 رنز کے اضافہ سے216 پرآئوٹ ہوگئی،گزشتہ روز 63 پر ناٹ آئوٹ رہنے والے عدنان اکمل 83 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

شہزاد اعظم نے 4 جبکہ نصراللہ خان اور افتخار نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا، میزبان ٹیم کو لاہور راوی کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید24 رنز درکار جبکہ 7 وکٹ محفوظ ہیں، لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ پر بہاولپور نے پہلی اننگز میں 61 رنز بنائے جبکہ ایک کھلاڑی شاہان ملک(39) آئوٹ ہوگیا۔ ملتان اسٹیڈیم میں کوئٹہ اور میزبان ٹیم کے مابین مقابلہ خراب روشنی کے سبب شروع نہ ہو سکا۔
Load Next Story