آئی سی سی کی نئی ون ڈے فہرست میں آسٹریلیا بدستورپہلے نمبر پربراجمان

آسٹریلیا سے شکست کے بعد قومی ٹیم کا فہرست میں آٹھواں نمبر ہے


ویب ڈیسک February 05, 2017
آسٹریلیا کو چیپل ہیڈلی سیریز میں شکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھارت کو تیسرے سے چوتھے نمبر پر دھکیل دیا ہے، فوٹو : اے ایف پی

آئی سی سی نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق آسٹریلیا بدستور پہلے جب کہ پاکستان 8 ویں نمبر پر موجود ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ نئی ون ڈے رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا کی ٹیم چیپل ہیڈلی سیریز میں شکست کے باوجود بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے جب کہ جنوبی افریقا دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر براجمان ہے تاہم جنوبی افریقا کے پاس ون ڈے کی نمبر ایک ٹیم بننے کا سنہری موقع ہے اور سری لنکا کے خلاف جاری سیریز کے بقیہ 2 میچوں میں فتح جنوبی افریقا کو نمبر ایک ٹیم بنا دے گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ون ڈے رینکنگ میں بابر اعظم پہلی بار ٹاپ ٹین میں شامل

آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا کو چیپل ہیڈلی سیریز میں شکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھارت کو تیسرے سے چوتھے نمبر پر دھکیل دیا ہے، انگلینڈ پانچویں، سری لنکا چھٹے اور بنگلا دیش ساتویں جب کہ آسٹریلیا سے شکست کے بعد قومی ٹیم بدستور آٹھویں نمبر پر موجود ہے تاہم پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیت کر بنگلا دیش سے ساتویں پوزیشن چھین سکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔