لیکسن گروپ کے زیراہتمام یونیفائیڈ میراتھن ریس کا انعقاد

بابر لاکھانی نے ایکسپریس گروپ کی طرف سے ایسی صحتمندانہ سرگرمی کو شہریوں کیلیے اہم قرار دیا۔

ایونٹ میں کھلاڑیوں اور شوبزاسٹارز کے ساتھ اہلیان کراچی نے بھرپور انداز میں شرکت کی ۔ فوٹو ایکسپریس

ISLAMABAD:
اسپیشل اولمپکس پاکستان کے تحت لیکسن گروپ آف پاکستان کے تعاون سے اتوارکو یونیفائیڈ میراتھن ریس کاانعقاد ہوا۔ ڈی ایچ اے کلب، معین خان اکیڈمی پر خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی کے لیے ہونے والے ایونٹ میں کھلاڑیوں اورشوبز اسٹارزکے ساتھ معروف شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔


سرد موسم کے باوجود میراتھن کے شرکا نہایت پرجوش دکھائی دیے۔ یونیفائیڈ میراتھن ریس میں 5، 10 اور21 کلو میٹر کی ریس کے ساتھ اسپیشل افراد کے لیے بھی کیٹیگری کے مقابلے ہوئے۔ علاوہ ازیں وہیل چیئر ریس بھی ایونٹ کا حصہ تھی، ان مقابلوں میں بچوں، بڑوں، خواتین اور بزرگ افراد کے ساتھ خصوصی افراد نے بھرپور شرکت کی، اہل کراچی کی بڑی تعداد کے ساتھ شہر میں مقیم غیر ملکی مرد اور خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد ریس کا حصہ بنی، ہاف میراتھن کے مقابلے میں عثمان اقبال نے اول پوزیشن حاصل کرکے گولڈ میڈل جیت لیا۔



سلی نے دوسری پوزیشن کے ساتھ سلور میڈل اپنے نام کیا جب کہ سوئم رہنے والے حاتم نے برانز میڈل پایا۔ بچوں کی 700 میٹر کی دوڑ میں ثنا گولڈ میڈل کی حقدار قرار پائیں۔ مقابلوں کے اختتام پر جیتنے والے ایتھلیٹس کومیڈلز اور انعامات دیے گئے۔ اس موقع پر لیاری کے مقامی اسکول کے بچوں نے عمدہ پرفارمنس پیش کی جب کہ خصوصی بچوں نے قومی ترانہ اور ملی نغمے پیش کیے۔


چیف ایگزیکٹو آفیسر لیکسن انویسٹمنٹس بابر لاکھانی نے ایکسپریس گروپ کی طرف سے ایسی صحتمندانہ سرگرمی کو شہریوں کیلیے اہم قرار دیا۔ اسپیشل اولمپکس پاکستان کی رونق لاکھانی نے مقابلوں کے شرکا سے اظہار تشکر کرتے ہوئے خصوصی افراد کو معاشرے کا اہم حصہ قرار دیا اور ان کے لیے سرگرمیوں کو برقرار رکھنے کا اعادہ بھی کیا۔

 
Load Next Story