اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں سے تنگ شہریوں کے احتجاج کے بعد ایس ایچ او معطل

کراچی پولیس چیف نے ڈکیتیوں کا نوٹس لیتے ہوئے مظاہرین کو ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرادی۔

کراچی پولیس چیف نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ اوافتخارآرائیں کو معطل کردیا ۔ فوٹو: فائل

JAMRUD:
اورنگی ٹاؤن کے علاقے اقبال مارکیٹ میں روزانہ کی بنیاد پر کئی لوگ اسٹریٹ کرائم کا نشانہ بن رہے ہیں جس کے باعث شہریوں نے مقامی تھانے کو گہرے میں لے کر شدید احتجاج کیا جس کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام نے ایس ایچ او کو معطل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے اقبال مارکیٹ میں شہری ڈاکوؤں سے تنگ آکر سڑکوں پر نکل آئے اوراحتجاجاً تھانے کا گھیراؤ کرلیا اور شدید نعرے بازی بھی کی۔ کئی گھنٹے جاری رہنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے بعد چند افراد کو حراست میں لے لیا گیا تاہم تھوڑی دیر بعد مظاہرین نے ایک مرتبہ پھر تھانے کو گھیرے میں لیا تو پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی جس کے بعد کراچی پولیس چیف نے واقع کا نوٹس لے لیا۔


دوسری جانب پولیس چیف نے اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی کی وارداتوں اور مظاہرین کے پرتشدد کا نوٹس لیتے ہوئے تھانے کے ایس ایچ او افتخار آرائیں کو معطل کردیا جب کہ پولیس کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

Load Next Story