زرداری سے مراد علی شاہ کی ملاقات سندھ کابینہ میں پھر ردوبدل کا امکان

صوبے میں معاون خصوصی کی جگہ پارلیمانی سیکریٹری،کوآرڈینیٹراورچیئرمین بنانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا، ذرائع

چھٹی مردم شماری سے متعلق معاملات کاجائزہ، مشیروں کی تقرری، ترقیاتی منصوبوں ودیگرمعاملات پرتفصیلی تبادلہ خیال۔ فوٹو: این این آئی/فائل

وزیر اعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے اتوار کو پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سربراہ آصف علی زرداری سے دو ملاقاتیں کیں، پہلی ملاقات ہفتے کی رات جبکہ دوسری وطن روانگی سے قبل ہوئی۔

ذرائع کے مطابق دونوں ملاقاتوں میں سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مشیروں اور معاونین خصوصی کو فارغ کرنے کے بعد کی حکمت عملی، سندھ کابینہ میں ردوبدل، صوبے کی سیاسی صورتحال، چھٹی مردم شماری کی تیاریوں، کراچی میں ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس ملاقات میں مشیروں کے عہدے پر تقرری کیلیے پیپلز پارٹی کے مختلف اراکین سندھ اسمبلی کے ناموں پر تبادلہ خیال کیا گیا تاہم امکان ہے کہ نئے مشیروں کی تقرری کے ساتھ بعض وزرا کے محکموں میں بھی ردوبدل کی جائے۔


ذرائع کے مطابق ملاقات میں قانونی ماہرین کی جانب سے دی گئی اس تجویز پر بھی غور کیا گیا کہ فارغ کیے گئے معاونین خصوصی کی جگہ منتخب اراکین اسمبلی کو مختلف محکموں میں پارلیمانی سیکریٹری یاکوآرڈینیٹر اور مختلف اداروں و اتھارٹیز میں بطور چیئرمین مقرر کیا جا سکتا ہے۔

ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے آصف زرداری کو بتایا کہ مشیروں اور معاونین خصوصی کی تقرری کے خلاف سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کی وجہ سے حکومت سندھ مشکلات سے دوچار ہوگئی ہے جنھیں فوری حل کرنے کی ضرورت ہے۔

 
Load Next Story