ٹی 20 بلائنڈ ورلڈ کپ پاکستان نے فتوحات کی ڈبل ہیٹ ٹرک مکمل کرلی

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست دی اور ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے


Sports Desk February 06, 2017
پاکستان کی جانب سے انیس جاوید نے 2 مہرے کھسکائے جبکہ بدر منیر اور ریاست خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ فوٹو : فائل

ٹوئنٹی 20 بلائنڈ ورلڈ کپ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ میں فتوحات کی ڈبل ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔

الور میں کرناٹکا اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ پر جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹ پر 100 رنز بنا پائی، پاکستان کے تجربہ کار بولنگ اسکواڈ کے سامنے بیٹسمینوں کی ایک نہ چلی اور وہ وقفے وقفے سے پویلین لوٹتے رہے، 8 بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکے، تیفو لیسلے 19 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ بوہلے بھدلا نے 10 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے انیس جاوید نے 2 مہرے کھسکائے جبکہ بدر منیر اور ریاست خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : بلائنڈ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کی مسلسل پانچویں فتح

پاکستان ٹیم نے ہدف باآسانی 5.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔ اوپنر بدر منیر نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 20 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے60رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، محمد جمیل29 رنز پر ناقابل شکست رہے، واحد آؤٹ ہونے والے بیٹسمین ریاست خان نے 2 رنز بنائے ان کی وکٹ ایشر جوناتھن نے حاصل کی۔ پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف فتح کے ساتھ ہی ایونٹ میں فتوحات کی ڈبل ہیٹ ٹرک مکمل کر لی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دیدی

گرین شرٹس کا منگل کو بنگلہ دیش سے مقابلہ ہو گا، 8 فروری کو ویسٹ انڈیز اور 9 فروری کو آسٹریلیا سے جوڑ پڑے گا۔ پاکستان ٹیم مسلسل فتوحات کے ساتھ پہلے ہی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر چکی ہے۔ ایونٹ کے سیمی فائنل 10 اور 11 فروری کو ہوں گے جب کہ فیصلہ کن معرکہ 12 فروری کو شیڈول ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں