کہا جاتا ہے غیر ملکی آکر تباہی مچا رہے ہیں کیا یہ مکمل ناکامی نہیں سپریم کورٹ

دہشتگردوں کا رونا رویا جاتا ہے، کون آ جا رہا ہے، اس کی پڑتال کا نظام کیوں نہیں بنایا، جسٹس عارف


Numainda Express January 04, 2013
غیر قانونی داخلے کاسلسلہ بڑھ رہاہے، جسٹس جواد، توقیرصادق کواشتہاری قراردلوانے کی ہدایت، فرارسے متعلق تفصیلات طلب کرلیں۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے سابق چیئر مین اوگرا توقیر صادق کے ملک سے فرارہونے کے بارے میں تمام تفصیلات طلب کر لی ہیں اور ہدایت کی ہے کہ نیب، پنجاب پولیس اور ایف آئی اے تمام پہلوئوں کا جائزہ لے کر مجموعی رپورٹ مرتب کریں۔

گزشتہ روز توقیر صادق کیخلاف کارروائی کے مقدمے کی سماعت کے دوران جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس خلجی عارف حسین پر مشتمل بینچ کو ایف آئی اے کے ڈائریکٹر لیگل نے بتایا کہ انٹرپول کو تمام معلومات فراہم کر دی گئی ہیں اور ان کے دونوں پاسپورٹ منسوخ کردیے گئے ہیں،انھوں نے بتایا توقیر صادق کے ریڈ وارنٹ کیلئے پہلے ان کا اشتہاری قرار دینا لازمی ہے لیکن نیب نے ابھی تک انھیں اشتہاری قرار نہیں دیا ۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب فوزی ظفر نے بتایا نیب میں ایڈمنسٹریٹو جج احتساب عدالت نہ ہونے کے باعث انھیں اشتہاری قرار نہیں دیا جا سکتا۔جسٹس جواد نے کہا حکومت کو ایڈمنسٹریٹو جج کی تقرری کرنی چاہیے، عدالت 82ارب روپے لوٹنے والے کو اس طرح نہیں چھوڑے گی۔ تشویش کی بات یہ ہے کہ ایک نامی گرامی مجرم گرفتار نہیں ہوتا تو نامعلوم مجرم کیسے قانون کے شکنجے میں آئیںگے۔ڈپٹی اٹارنی جنرل دل محمد علیزئی نے بتایا ایڈمنسٹریٹو جج کی تقرری چیف جسٹس ہائیکورٹ کرتے ہیں اور حکومت نے9 جولائی 2012 کو رجسٹرار ہائیکورٹ کو ایڈمنسٹریٹو جج احتساب عدالت کی تقرری کا لکھا ہے۔

15

عدالت نے سوال اٹھایا ملک سے جانے اور آنے والوںکا مکمل ریکارڈ رکھا جاتا ہے اورکسی مشکوک آدمی کا ملک سے نکلنا یا داخلہ اتنا آسان نہیں، پھر ایک شخص جس کا تمام ریکارڈ موجود ہو وہ کیسے باہر نکلا؟ جسٹس خلجی عارف نے کہا روز عدالت کو بتایا جاتا ہے کہ غیر ملکی گھس آئے ہیں تباہی و بر بادی آگئی ہے، اگر یہ صورتحال ہے تو پھر سسٹم کو ٹھیک کیوں نہیںکیا جاتا؟ایف آئی اے کے ڈائریکٹر لیگل نے بتایا ایجنسیوںکی مدد سے ٹاسک فورس تشکیل ہونی ہے،جسٹس جواد نے کہا لوگوںکو تو چھوڑو بھری گاڑیاں اور ٹرک ملک میں داخل ہو جاتے ہیں۔

این این آئی کے مطابق جسٹس خلجی عار ف نے کہاکہ ہمیںکہا جاتا ہے کہ غیر ملکی آگئے اور تباہی کر رہے ہیں، باہر سے چیچن ازبک اور لیبیئن پاکستان میں آکر بیٹھے ہیں، دہشت گردی کی جنگ میں ہمارے فوجی جوان شہید ہوئے، دہشتگردوںکا رونا رویا جاتا ہے، پاکستان کون آرہا ہے اورکون جارہا ہے اس کی پڑتال کرنے کا کوئی نظام نہیں، ابھی تک یہ نظام کیوں نہیں بنایا گیا،کیا یہ مکمل ناکامی نہیں۔

جسٹس جواد نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیر قانونی داخلے کا سلسلہ بڑھ رہا ہے۔ عدالت نے ملزم کواشتہاری قراردینے کیلیے احتساب عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی موٹرویز ظفر عباس لک نے رپورٹ میںبتایا کہ توقیر صادق کی گرفتاری میںکوتاہی پر 2افسران کو معطل کردیا گیا ہے۔ جسٹس جواد نے کہا آئی جی صاحب ذمہ داری آپ کو لینی پڑے گی، توقیر صادق کی گرفتاری اب نیب نہیں ہمارا کام ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں