لوہے کے چنے چبانے کی کوشش میں عمران خان کے دانت ٹوٹ جائیں گے سعد رفیق

اگر خیبرپختونخوا میں ہماری حکومت ہوتی تو صوبے کا نقشہ بدل دیتے، وزیر ریلوے


ویب ڈیسک February 06, 2017
اگر خیبرپختونخوا میں ہماری حکومت ہوتی تو صوبے کا نقشہ بدل دیتے، وزیر ریلوے، فوٹو؛ فائل

KARACHI: وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عوام کب تک الزامات، گالیاں، جھوٹ اورکردارکشی سنیں گے عمران خان نے اگر لوہے کے چنے چبانے کی کوشش کی تو دانت ٹوٹ جائیں گے۔

ہری پورمیں ورکرزکنونشن سے خطاب کے دوران خواجہ سعدرفیق نے عمران خان کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض سیاسی اداکاروں نے اس ملک میں جھوٹ بولنے کا ٹھیکہ لے لیا ہے، ان کا کوئی اور دھندہ نہیں ہر وقت جھوٹ بولتے ہیں اورعوام کو گمراہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ہم جیت جاتے ہیں تویہ کہتے ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے، اگر ادارے ان کی مقبولیت بتائیں توٹھیک ہماری بتائیں توغلط، یہ سروے ہم نے نہیں کرائے یہ وہی ادارے ہیں جو کسی وقت میں تمہاری مقبولیت کا بتاتے تھے، ہم اپنے لیڈر اورجمہوریت کے ساتھ ہیں، اپنی عدالت مت لگاؤ اصل عدالت اپنا فیصلہ کرے گی، ہماری قیادت کو داغدار کرنے کی سازش بند کی جائے، عوام کب تک الزامات، گالیاں، جھوٹ اورکردارکشی سنیں گے، اگر لوہے کے چنے چبانے کی کوشش کرو گے تو دانت ٹوٹ جائیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عمران خان سپریم کورٹ میں گرگٹ کی طرح رنگ بدلتے ہیں

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 2013 میں جب نوازشریف عوام کی ووٹ کے طاقت سے اقتدار میں آئے تو ملک کا حال کیا تھا، پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں تھا، کراچی میں سیکڑوں لوگ روزانہ کی بنیاد پر مار دئیے جاتے تھے، خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کا راج تھا، قوم کا خزانہ خالی تھا، ریلوے سمیت قومی ادارے آخری سانسیں لے رہے تھے اور کوئی پرسان حال نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو سیاسی جوکروں نے شاہراہ دستورپرقبریں کھودیں، جنونی رقص کرتے رہے، پی ٹی وی پرقبضہ اور وزیراعظم ہاؤس پرحملہ کیا گیا، شرم وحیا جاتی رہی، اسلامی جمہوریہ پاکستان میں فحاشی کے نئے کلچرکوفروغ ملا، تھوکنا، ناچنا، مخلوط تقریبات ہمارا کلچر نہیں، وفاقی دارالحکومت میں جوہوا اس کا دنیا کو کیا پیغام گیا، لیکن پھر بھی ہم نے ڈنڈا نہیں اٹھایا ہم برداشت کرتے رہے اور جو 2 جنونی ملک پرقبضہ کرنے آئے تھے اورایک ایک کرتے چلتے بنیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پیپلزپارٹی نے 5 سال میں ملک تباہ کیا جسے ہم نے سنبھالا

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پاناما کا ڈھونگ رچالیا گیا، کہتے تھے آف شورکمپنیاں بنانا جرم ہے، اپنی آف شور کمپنی پکڑی گئی توخاموش ہوگئے، لوگوں کے انکم ٹیکس گننے والے بتائیں کہ وہ خود کتنا ٹیکس دیتے ہیں، اپنےاثاثوں کاحساب مانگو تو زبان بند ہوجاتی ہے، ابھی عمران خان آپ سیاست میں نئے ہیں ہم تو تلاشیاں دیتے رہے ہیں، ہم نے مشرف کی آمریت میں ہرطرح کی مارکھائی ہم نئے اداکارنہیں، سیاسی کارکن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر فضل الرحمان کی بات مان لیتے تو خیبرپختونخوا میں حکومت ہماری ہوتی، اور صوبے کا نقشہ ہی بدل چکا ہوتا لیکن پی ٹی آئی کو حکومت دی تو انہوں نے صوبے میں کیا کیا، عمران خان کا دعویٰ ہے کہ خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت لگائے ہیں، کیا درختوں نے سلیمانی ٹوپی پہنی ہے جونظرنہیں آتے، خیبربینک لوٹ لیا گیا، ایم ڈی چیختا رہا،اس کی بات سنی ہی نہیں گئی آپ نے یہ پاکستان بدلا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عمران خان کا ٹولہ جمہوری نظام کے لیے خطرہ ہے

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نوازشریف نے کون سا وعدہ پورا نہیں کیا یا کوشش نہیں کی، ہم وہ باتیں نہیں کرتے جو پوری نہ ہوسکیں، کراچی کا امن لوٹ رہا ہے، بلوچستان میں پہاڑوں پرگئے لوگ قومی دھارے میں شامل ہورہے ہیں جب کہ ہری پورسے گوادرتک ترقی کے منصوبے لگ رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں