سپریم کورٹ کا کینٹ بورڈز میں بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کا حکم

الیکشن کمیشن کو5مئی تک مہلت، کس قانون کے تحت ہونگے؟،فریقین کے وکلا کا جواب نہ دینے پر عدالت کا اظہار حیرت


Numainda Express January 04, 2013
جمہوریت کی بنیادالیکشن ہے، ہرسطح پر شفاف انتخابات اس کے استحکام کی ضمانت ہے،چیف جسٹس، پٹیشن نمٹا دی۔ فوٹو: فائل

KARACHI: سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کوکنٹونمنٹ بورڈزکے الیکشن میں مزید تاخیرکی توسیع سے روک دیا ہے اور الیکشن کمیشن کو ملک کے تمام کنٹونمنٹ بورڈزکے علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔

جمعرات کوکنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن کے بارے میں پٹیشن کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہرسطح پر شفاف الیکشن ملک میں جمہوریت کے استحکام کی ضمانت ہے، جمہوریت الیکشن کے ذریعے ہی قائم ہوتی ہے۔چیف جسٹس افتخارمحمدچوہدری کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔حکومت کے وکیل ڈپٹی اٹارنی جنرل دل محمد علیزئی نے بتایا کنٹونمنٹ بورڈز میں الیکشن5 مئی 2013تک معطل ہے اس کے بعد الیکشن میں مزید تاخیر نہیںکی جائے گی۔ انھوں نے بتایاکنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن کا اعلان وفاقی حکومت کرے گی تاہم انتخابات کی تاریخ اور شیڈول کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔

17

عدالت نے استفسارکیا کہ یہ الیکشن 1924کے ایکٹ یا 2002کے آرڈیننس کے مطابق ہوںگے جس کا ڈپٹی اٹارنی جنرل اور پٹیشنرکے وکیل جواب نہ دے سکے اس پرچیف جسٹس نے حیرت کااظہارکیا۔ چیف جسٹس نے کہا جمہوریت کی بنیاد الیکشن ہے اور جمہوریت پر یقین رکھنے والے ہمیشہ حق رائے دہی کو ترجیح دیتے ہیں۔الیکشن کمیشن کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ عام انتخابات سے پہلے کنٹونمنٹ بورڈزکے الیکشن نہیں ہو سکتے،عام انتخابات کے بعدکنٹونمنٹ بورڈزکے الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔عدالت نے مقدمہ نمٹا دیا اور الیکشن کمیشن کو ہدایت کی پانچ مئی تک الیکشن کی تیاریاں مکمل کرلی جائیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں