جاوید شیخ کی فلم ’’وجود‘‘ کی افتتاحی تقریب سینئر اداکاروں کی شرکت

شوٹنگ آج شروع ہوگی ،فلموں کو پروموٹ کرنا چاہیے،اس سے حوصلہ ملتا ہے،جاوید شیخ

شوٹنگ آج شروع ہوگی ،فلموں کو پروموٹ کرنا چاہیے،اس سے حوصلہ ملتا ہے،جاویدشیخ۔ فوٹو: فائل

پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور اداکار وہدایتکار جاوید شیخ نے انڈسٹری کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اپنی نئی فلم ''وجود '' بنانے کی تیاریاں کرلی ہیں۔

گزشتہ روز کراچی کے مقامی شاپنگ مال میں افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں انڈسٹری کے سینئر اداکار ندیم بیگ اورشاہد نے خصوصی شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کی میزبانی کے فرائض جاوید شیخ نے خود ادا کیے اور فلم کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اپنی فلموں کو پروموٹ کیا جانا چاہیے اس سے ہمیں مزید حوصلہ ملتا ہے، اپنی فلم میں نئے چہروں کے ساتھ انڈسٹری میں یونیورسٹی کی حیثیت رکھنے والے ماضی کے سپراسٹار شاہد بھی ہماری فلم کاحصہ ہیں اور وہ اس میں ایک اہم کردار اداکررہے ہیں جب کہ فلم کی عکسبندی کا آغاز آج 7فروری سے کیاجارہاہے، فلم کی شوٹنگ پاکستان سمیت ترکی میں بھی کی جائے گی۔


اس موقع پر اداکار شاہد کاکہنا تھا کہ بڑے پردہ پر واپسی پر خوشی محسوس کررہاہوں اور اس کا سہرا اپنے سینئر ساتھی فنکار جاوید شیخ کے سر باندھتا ہوں جس نے اپنی فلم کاحصہ بنایا مجھے خوشی ہے کہ وہ کامیاب فلمیں ماضی میں دے چکے ہیں ان کی یہ فلم بھی کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑے گی۔

مذکورہ تقریب میں معروف اداکار دانش تیمور، فریحہ الطاف، سعیدہ امتیاز، ادیتی سنگھ، علی سلیم، فائزہ خان، شاہین خان، اسد محمود و دیگر شوبزسے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔
Load Next Story