خیبرپختونخوا کی تین کمانڈو بہنیں ملکی تاریخ کی ایک انوکھی مثال

پری گل، رخسانہ اور ثمینہ اپنی تربیت مکمل کرنے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کا حصہ بن گئیں


ویب ڈیسک February 07, 2017
پری گل، رخسانہ اور ثمینہ اپنی تربیت مکمل کرنے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کا حصہ بن گئیں، اسکرین گریب/ ایکسپریس نیوز

خیبرپختونخوا کے ضلع کرک کی 3 بہنوں نے پولیس کمانڈو کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کا حصہ بن کر پاکستان میں نئی مثال قائم کردی۔

وطن کی حفاظت ہو یا کوئی بھی مشکل محاذ، خیبر پختونخوا کی بیٹیاں خطرات کا سامنا کرنے میں کسی سے پیچھے نہیں اور اب جرات کی مثال خیبر پختونخوا کے ضلع کرک کی 3 کمانڈو بہنوں نے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کا حصہ بن کر پاکستان میں نئی مثال قائم کردی ہے۔

پری گل، رخسانہ اور ثمینہ نے حال ہی میں نوشہرہ کے اسکول آف ایکسپلوسو میں بارود اور بم ناکارہ بنانے، بارودی سرنگوں کا پتا چلانے کی تربیت مکمل کی ہے۔ لیڈی کمانڈو پری گل بم سوٹ کے استعمال، رخسانہ مشتبہ اشیاء کی جانچ پڑتال، روٹ کلیئرنس کے لیے سرچنگ اور ثمینہ بھاری ہتھیار چلانے کی ماہر ہیں جب کہ تینوں بہنیں دشمن کے حملوں کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہیں۔

والدین کی خواہش پر خطرناک شعبے میں آنے والی رخسانہ کا کہنا ہےکہ ہم ہر وقت کسی بھی خطرناک جگہ جانے کے لیے تیار ہیں اگر اس میں ہمیں شہادت بھی مل جائے تو ہمیں فخر ہوگا جب کہ پری گل نے کہا کہ بم کو کیسے ناکارہ بنایا جاتا ہے اور بارودی مواد ہو یا آئی ای ڈی سب کے بارے میں ہم نے ٹریننگ میں سیکھا ہے۔

خیبرپختونخوا کی ان تین دلیر بہنوں کو اگلے مرحلے میں خودکش جیکٹ، کھلونا بم اور آئی ای ڈیز ناکارہ بنانے کی خصوصی تربیت اور عملی مشقوں کے لیے بی ڈی ایس ایڈوانس ٹریننگ میں شامل کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں