شاہ زیب قتل کیس نامزد ملزم سراج تالپور کے 2 بھائی اورماموں گرفتار

شاہ زیب قتل میں ملوث ملزمان کے بینک اکاؤنٹس سیل کرنے کے لئے اسٹیٹ بینک کو خط لکھا جارہا ہے، ڈی آئی جی ساؤتھ


ویب ڈیسک January 04, 2013
شاہ زیب قتل میں ملوث ملزمان کے بینک اکاؤنٹس سیل کرنے کے لئے اسٹیٹ بینک کو خط لکھا جارہا ہے، ڈی آئی جی ساؤتھ فوٹو: ایکسپریس/فائل

پولیس نے حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں واقع تالپورہاؤس میں چھاپہ مار کر شاہ زیب قتل کیس میں نامزد ملزم سراج تالپورکے 2 بھائیوں اور ماموں کو گرفتار کرلیا جب کہ دوسری جانب کراچی میں دوسرے نامزد ملزم شاہ رخ جتوئی کے والد کی رہائش گاہوں پر بھی چھاپے مارے گئے۔

کراچی میں پولیس نے شاہ زیب قتل کیس میں نامزد ملزم شاہ رخ جتوئی کے والد کی ڈیفنس میں رہائش گاہوں خیابانِ شمشیر، خیابان جانباز اور فیز سکس میں چھاپے مارے جس کے دوران کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

کراچی کی طرح پولیس نے حیدرآباد میں بھی دوسرے نامزد ملزم سراج تالپور کی گرفتاری کے لئے قاسم آباد میں سراج کے والد امداد تالپور کی رہائش گاہوں پر بھی چھاپے مارے جس کے دوران سراج تالپورکے 2 بھائیوں اورماموں سمیت4 قریبی عزیزوں کو حراست میں لےلیا گیا جنہیں تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈی آئی جی ساؤتھ شاہد حیات کا کہنا ہے شاہ زیب قتل کیس میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس نے کراچی، حیدرآباد، سکھر اور بدین میں چھاپے مارے، امید ہے کہ پولیس ملزمان کو جلد گرفتار کرلے گی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد شاہ زیب قتل میں ملوث ملزمان کے بینک اکاؤنٹس سیل کرنے کے لئے اسٹیٹ بینک کو خط لکھا جارہا ہے جبکہ زیل پاک سیمنٹ فیکٹری کو بھی سیل کرنے کے لئے ٹیم روانہ کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے شاہ زیب قتل کیس کا نوٹس لیا تھا جس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہوئی، اس موقع پر چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے سندھ پولیس کے اعلیٰ حکام کو نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لئے 24 گھنٹے کا ٹائم دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملزمان کی عدم گرفتاری پر اعلیٰ پولیس حکام اپنی گرفتاریوں اور برطرفیوں کے لئے بھی تیار ہوجائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں