بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے ریکارڈ 373 رنز

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 182 رنز سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں مسلسل آٹھویں فتح سمیٹی

پاکستان کے جمیل احمد نے 36 گیندوں پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی دوسری تیز ترین سنچری بنائی۔ فوٹو: فائل

JERUSALEM/GAZA:
ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے ریکارڈ 373 رنز اسکور کرتے ہوئے میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مجموعہ ترتیب دے دیا۔کرناٹکا کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم نے اوپنرز کی جارحانہ اننگز کی بدولت ایونٹ کا سب سے بڑا مجموعہ تشکیل دیا، گرین شرٹس نے مقرررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 373 رنز بناتے ہوئے میگا ایونٹ میں اپنا ہی ریکارڈ بہتر کیا۔ اس سے قبل ورلڈ کپ 2012 میں بھی گرین شرٹس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہی 364 رنز سکور کرکے میگا ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بنایا تھا۔


پاکستانی اوپنر محمد جمیل 36 گیندوں پر 20 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنانے کے بعد ریٹائر ہو گئے جبکہ دوسرے اوپنر ریاست خان سنچری سے 6 رنز کی دوری پر رن آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 32 گیندوں پر 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 94 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں محمد ظفر 46، محسن خان 32، مطیع اللہ 27 اور عامر اشفاق 24 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں اسکورر رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے گنیش متھرا سنگھ اور اینتھونی فٹزگیرالڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ؛ پاکستان نے بلگلا دیش کو بھی شکست دیدی



374 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستانی بولنگ کا جم کر مقابلہ نہ کر سکی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹیں کھو کر 191 رنز ہی بنا پائی، اس طرح پاکستان نے میچ میں 182 رنز سے کامیابی سمیٹی۔ ڈینیئل ڈیبویا 59 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ اورن فلپ نے 36 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے ساجد نواز، محمد اکرم، ریاست خان، انیس جاوید اور محسن خان نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا، 4 کیرینین بیٹسمین رن آؤٹ ہوئے۔


ایک دوسرے میچ میں سری لنکا نے بنگلا دیش کو شکست دے دی۔ بنگلا دیشی ٹیم نے 8 وکٹ پر 141 رنز بنائے، سری لنکا نے ہدف 12 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔


گرین شرٹس کی میگا ایونٹ میں یہ مسلسل آٹھویں فتح ہے، اس سے قبل وہ نیوزی لینڈ، انگلینڈ، روایتی حریف بھارت، سری لنکا، نیپال، جنوبی افریقا اور بنگلا دیش کی ٹیموں کو شکست سے دوچار کر چکے ہیں۔ قومی ٹیم جمعرات کو اپنا آخری لیگ میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔


Load Next Story