ٹی20 میں ٹرپل سنچری کا ناقابل یقین کارنامہ

بھارتی کرکٹر موہت اہلاوت اننگز میں 39 چھکے اور 14 چوکے لگا کر ناقابل شکست رہے

بھارتی کرکٹر موہت اہلاوت اننگز میں 39 چھکے اور 14 چوکے لگا کر ناقابل شکست رہے، فوٹو : فائل

بھارتی کرکٹر نے مقامی ٹی 20 ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں ٹرپل سنچری کا ناقابل یقین کارنامہ انجام دے ڈالا، موہت اہلاوت نے صرف 72 گیندوں پر یہ سنگ میل عبور کرتے ہوئے کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ بنایا۔

رائٹ ہینڈ بیٹسمین اس تاریخ ساز کارنامے کے بعد شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے ہیں اور دہلی ڈیئر ڈیولز نے آئی پی ایل کے اگلے ایڈیشن کیلئے انہیں ٹرائلز کیلیے طلب کر لیا ہے۔ ایک غریب خاندان سے تعلق رکھنے والے نوجوان نے ایسٹ دہلی میں حریف ٹیم فرینڈز الیون کے بولرز کےچھکے چھڑا دیے، انہوں نے آخری دو اوورز میں 50 رنز بنا کر ٹرپل سنچری مکمل کی جس میں 5 مسلسل چھکے شامل ہیں، انہوں نے اننگز میں مجموعی طور پر 72 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 39 چھکے اور 14 چوکے لگائے۔ ان کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 2 وکٹ پر 416 رنز بنائے، جواباً حریف ٹیم 200 رنز ہی بنا سکی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے ریکارڈ 373 رنز

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے موہت نے کہا کہ کھیل کیلیے مدعو کیے جانے پر میں چلا گیا اور پھر یہ سب ہو گیا، 150 رنز بنانے کے بعد لگا کہ میں 250 بنا سکتا ہوں، میں نے ساتھی بیٹسمین کو بتایا کہ میں زیادہ سے زیادہ اسٹرائیک لینا چاہتا ہوں جس کے بعد آخری 2 اوورز میں یہ سنگ میل عبور کر لیا۔ بیٹسمین کے کوچ سنجے بھردواج نے کہا کہ مجھے اس کے اس کارنامے پر تعجب نہیں ہے، وہ ایک جارح مزاج بیٹسمین ہونے کے ساتھ کھیل کی اچھی سمجھ بوجھ بھی رکھتا ہے، گوتم گمبھیر سمیت کئی نامور کرکٹرز کی کوچنگ کرنے والے بھردواج نے کہا کہ اس کارنامے کی خبر اتنی جلدی پھیلی کہ دہلی ڈیئر ڈیولز نے بیٹسمین کو ٹرائلز کیلیے دعوت دے ڈالی ہے۔


اس خبر کو بھی پڑھیں : ڈبل سنچری کے بعد کئی ریکارڈ اظہر علی کی جھولی میں آ گرے

ٹی 20 میچ میں ٹرپل سنچری کا یہ پہلا اور ناقابل یقین کارنامہ ہے لیکن یہ ایک فرسٹ کلاس میچ نہیں تھا۔ فرسٹ کلاس ٹی 20 میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ کرس گیل کے پاس ہے جنہوں نے آئی پی ایل 2013 میں رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے کھیلتے ہوئے 175 رنز بنائے تھے۔ جبکہ ٹی 20 انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ آسٹریلین بیٹسمین ایرون فنچ کے پاس ہے جنہوں نے 2013 میں انگلینڈ کے خلاف 156 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : نیوزی لینڈ میں ایک ٹوئنٹی 20 میچ میں ریکارڈ 497 رنز بن گئے

موہت کا نام دو سال قبل اس وقت خبروں میں آیا تھا جب گوتم گمبھیر نے انہیں دہلی رانجی ٹرافی کیلیے زور دے کر ٹیم میں شامل کروایا تھا، 21 سالہ موہت نے کہا کہ گوتی بھائی نے مجھ پر جو اعتماد کیا میں اس پر ان کا شکر گزار ہوں اور آج میں نے ان کا خیال سچ ثابت کر دکھایا ہے۔ آئی پی ایل کھیل کر اپنی صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کرنا چاہتا ہوں۔
Load Next Story