ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ خطے کے استحکام کیلیے خطرہ ہے کورکمانڈرز

دہشتگردی کے خلاف آپریشن مقاصد کے حصول تک جاری رکھے جائیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ


ویب ڈیسک February 08, 2017
دہشتگردی کے خلاف آپریشن مقاصد کے حصول تک جاری رکھے جائیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، فوٹو؛ آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں کور کمانڈرز نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کو خطے کے استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔



پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں سیکیورٹی کی صورتحال اور چیلنجز پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران بھارتی فائرنگ سے ورکنگ باؤنڈری پر پیدا ہونے والی بد امنی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ خطے کے استحکام کے لیے خطرہ ہے۔





کورکمانڈرز کانفرنس نے انسداد دہشتگردی آپریشنز پر اظہار اطمینان کیا اور مقاصد کے حصول تک آپریشنز جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا۔ کورکمانڈرز نے افغانستان میں حالیہ دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کو شکست کیلئے افغان حکومت اور فورسز کے ساتھ ہیں اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن مقاصد کے حصول تک جاری رکھے جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں