بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کی 9 ویں فتح آسٹریلیا کو بھی ہرا دیا

پاکستانی اوپنر ریاست خان 47 گیندوں پر 16 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 114 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے


ویب ڈیسک February 09, 2017
محمد ادریس نے 80 رنزبنانے کے ساتھ 3 کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کیا۔ فوٹو: پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل

ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے آخری لیگ میچ میں آسٹریلیا کو 147رنز سے شکست دیتے ہوئے مسلسل 9 ویں کامیابی سمیٹتے ہوئے ناقابل شکست ہونے کا اعزاز برقرار رکھا۔

کرناٹکا کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم نے اوپنرز کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقرررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بناتے ہوئے میگا ایونٹ میں ایک بار پھر 300 سے زائد رنز بنا ڈالے، پاکستانی اوپنر ریاست خان 47 گیندوں پر 16 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 114 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ مطیع اللہ نے 31 گیندوں پر 15 چوکے لگا کر 80 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد ظفر نے 31 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 13 چوکے لگا کر 78 رنز بنائے۔ محمد ادریس سلیم 8 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے لنڈسے ڈیوڈ، ویگن جیمز رولز اور ڈینیئل جیمز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کا عالمی ریکارڈ

گرین شرٹس کی جانب سے 322 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلین ٹیم پاکستانی بولنگ کا جم کر مقابلہ نہ کر سکی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹیں گنوا کر 174 رنز ہی بنا پائی اور پاکستان نے میچ میں 147 رنز سے کامیابی سمیٹی، 5 آسٹریلوی بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکے، میتھیو جیمز 38، سٹیفن فرانسسکو 24، لنڈسے ڈیوڈ اور سٹیفن لیو 20,20 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے ادریس سلیم نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا، اسرار حسن اور بدر منیر نے 2,2 شکار کیے۔

گرین شرٹس کی میگا ایونٹ میں یہ مسلسل 9 ویں فتح ہے، گزشتہ روز گرین شرٹس نے 374 رنز سکور کرتے ہوئے میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مجموعہ ترتیب دیتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 182 رنز سے ہرایا تھا جبکہ اس سے قبل نیوزی لینڈ، انگلینڈ، روایتی حریف بھارت، سری لنکا، نیپال، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کو شکست دی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں