کیپ ٹائون ٹیسٹ نیوزی لینڈ نے تیسرے ہی دن ہتھیار ڈال دیے

برائونلی کی سنچری بھی پروٹیز کیخلاف اننگز اور27 رنز کی ناکامی سے نہ بچا سکی۔

کیپ ٹائون: جنوبی افریقہ کیخلاف کیوی بیٹسمین ڈین برائونلی کا دفاعی اسٹروک، انھوں نے سنچری بنائی۔ فوٹو : اے ایف پی

کیپ ٹائون ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے تیسرے ہی دن ہتھیار ڈال دیے،ڈین برائونلی کی اولین سنچری بھی اسے جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور27 رنز کی ناکامی سے نہ بچا سکی۔ پہلی باری میں 45 رنز پر ڈھیر ہونا فیصلہ کن ثابت ہوا۔

تفصیلات کے مطابق کیویز نے میچ کی دوسری اننگز میں نسبتاً بہتر کھیل پیش کیا تاہم چائے کے وقفے سے قبل ٹیم 275 پر آئوٹ ہوگئی۔ 4 وکٹ پر 169 رنز سے نامکمل اننگز شروع کرنے والی مہمان سائیڈ نے پہلے سیشن کے30 اوورز میں صرف 63 رنز ہی بنائے، مگر اس سے اننگز کی شکست سے بچنے کی آس ملی، برائونلی نے واٹلنگ کے ہمراہ ڈھائی گھنٹے تک پروٹیز بولنگ کا جواں مردی سے سامنا کیا۔

دونوں نے پانچویں وکٹ کیلیے 74 رنز جوڑے، برائونلی نے لیفٹ آرم اسپنر روبن پیٹرسن کو دو اوورز میں اتنے ہی چھکے رسید کر کے تہرے ہندسوں تک رسائی پائی، لنچ سے 4 منٹ قبل جب جنوبی افریقہ نے دوسری نئی گیند لی تو وہ مورن مورکل کا نشانہ بن گئے۔




انھوں نے شارٹ بال کو کٹ کرتے ہوئے ڈیپ بیک ورڈ پوائنٹ پر پیٹرسن کے پاس پہنچا دیا، برائونلی نے 109 رنز 186 گیندوں پر 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے بنائے، ٹیم نے آخری 6 وکٹیں صرف46 رنز کے دوران گنوائیں، بی جے واٹلنگ (42) نے تھوڑی مزاحمت کی مگر مین آف دی میچ ورنون فلینڈر نے انھیں سلپ میں اسمتھ کا کیچ بنوا دیا۔

بریسویل (صفر) بھی پیسر کا نشانہ بنے، جیتن پٹیل (8) اورجیمز فرینکلن (22) کی وکٹیں ڈیل اسٹین لے اڑے،کرس مارٹن کسی گیند کا سامنا کیے بغیر رن آئوٹ ہوگئے، اسٹین نے67 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

Recommended Stories

Load Next Story