سڈنی ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد آسٹریلیا سہل پسندی کا شکار

رن آئوٹس اورغیر ضروری شاٹس کھیل کرکئی وکٹیں گنوائیں،6 وکٹ پر 342 رنز

سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں سری لنکا کیخلاف تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز کے دوران آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر آف ڈرائیو سے گیند کو بائونڈری کی راہ دکھارہے ہیں ، انھوں نے 85 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سبقت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی )

سیریز میں فتح حاصل کرنے کے بعد سڈنی ٹیسٹ میں آسٹریلیا سہل پسندی کا شکار ہوگیا۔

ٹیم نے رن آئوٹس اور غیر ضروری شاٹس کھیل کر کئی وکٹیں گنوا دیں، سری لنکا کیخلاف میچ کے دوسرے دن میزبان نے6 وکٹ پر 342 رنز اسکور کیے، یوں اسے48 رنز کی سبقت حاصل ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق سڈنی ٹیسٹ میں کینگروز کی پہلی وکٹ 36 رنز پر گری، اوپنر ایڈکوان (4) رن آئوٹ ہوئے، دوسرا رن لینے کی جلدی میں وہ نوان پردیپ کے تھرو سے قبل کریز تک نہ پہنچ سکے۔

ٹیسٹ میں انھوں نے دوسری بار اس انداز سے وکٹ گنوائی، وارنر نے صرف 122 منٹ میں ہیوز کے ساتھ دوسری وکٹ کیلیے 130 رنز جوڑے، انھوں نے آزادی سے اپنے اسٹروکس کھیلے مگر پارٹ ٹائم اسپنر تلکارتنے دلشان کی گیند پر دھمیکا پرساد کے اچھے کیچ کی بھینٹ چڑھ گئے،انھوں نے 84 گیندوں پر 85 رنز بنائے جس میں 10 چوکے شامل تھے۔


7 اوورز بعد ہیوز (87) بھی پویلین میں ان سے جا ملے، ہیراتھ کی گیند کو کٹ کرتے ہوئے انھوں نے وکٹ کیپر دنیش چندیمل کو کیچ تھمایا، یوں دونوں نے سنچریاں مکمل کرنے کے نادر مواقع گنوا دیے،37 سالہ ہسی نے اپنی ممکنہ آخری ٹیسٹ اننگز میں51 گیندوں کا سامنا کیا۔



مگر 25 کے انفرادی اسکور پر چلتے بنے، کلارک نے ایک تیز سنگل کی کوشش میں انھیں مشکل میں ڈالا اور وہ ڈائیو لگانے کے باوجود بروقت کریز تک نہ پہنچ سکے، کرونارتنے کی ڈائریکٹ تھرو نے اسٹرائیکر اینڈ کی وکٹیں اڑا دیں،کلارک نے ایک سال قبل ایس سی جی میں بھارت کیخلاف ناقابل شکست 329 رنز بنائے تھے، اس بار بھی وہ اچھی فارم میں دکھائی دیے اور نصف سنچری بنائی۔

انھوں نے ہیراتھ کو چھکا اور پھر چوکا رسید کیا تاہم پھر غلط شاٹ انھیں لے ڈوبا، وہ آف اسپنر رنگانا ہیراتھ کی گیند پر سلوگ سوئپ کی کوشش میں میدان بدر ہوئے، ٹاپ ایج پر مڈ وکٹ میں موجود دیموتھ کرونارتنے نے کیچ سنبھالا، میلبورن میں91 کی اننگز کھیلنے والے مچل جانسن اس بار13 رنز تک محدود رہے، پردیپ کی گیند پر وکٹ کیپر چندیمل نے کیچ لیا۔ کھیل کے اختتام پر میتھیو ویڈ47 اور پیٹر سڈل16 پر ناٹ آئوٹ رہے، میتھیوویڈ 2 بار ریویو میں بچے جبکہ 22 رنز پر ان کا کیچ بھی ڈراپ ہوا۔

Recommended Stories

Load Next Story