برسبین ٹینس ویمنز ٹرافی کیلئے سرینا کا پاور لیچنکووا سے سامنا

وکٹوریا آذرنیکا نے انجری کے سبب امریکی حریف کو واک اوور دے دیا، دوسرے سیمی فائنل میں لیزا ٹی سورنیکا کو شکست

اناستاسیا نے یوکرین کی لیزا ٹی سورنیکا کیخلاف 4-6،6-1 اور 6-2 سے کامیابی سمیٹی۔ فوٹو : اے ایف پی

برسبین انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ کی ویمنز سنگلز ٹرافی کیلیے سرینا ولیمز کا سامنا روسی حریف اناستاسیا پاولیچنکووا سے ہوگا، ٹاپ سیڈ بیلا روس کی وکٹوریا آذرنیکا نے انجری کے سبب سرینا ولیمز کو سیمی فائنل میں واک اوور دے دیا۔

اناستاسیا نے یوکرین کی لیزا ٹی سورنیکا کیخلاف 4-6،6-1 اور 6-2 سے کامیابی سمیٹی۔ مینز سنگلز میں برطانیہ کے اینڈی مرے، کائی نیشکوری، مارکوس بغدیتس اور گریگوردیمیتروف نے فائنل فور میں جگہ بنالی، آکلینڈ کلاسک کے سیمی فائنلز میں ٹاپ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا اور یانیا وکمائر نے فتوحات پائیں۔تفصیلات کے مطابق برسبین انٹرنیشنل ٹینس میں ورلڈ نمبرون آذرنیکا نے سیدھے پائوں کے انگوٹھے میں تکلیف کے پیش نظر سیمی فائنل میں سرینا ولیمز کو واک اوور دے دیا۔

اس سے قبل دونوں کا سامنا گذشتہ برس کے آخری گرینڈ سلم فائنل یوایس اوپن میں ہوا تھا، جس میں آذرنیکا کو تیسرے سیٹ میں 5-7 سے شکست ہوئی اور سرینا نے ٹرافی اپنے نام کرلی تھی،اس مرتبہ طبی امداد لینے کے بعد آذرنیکا نے ٹینس کورٹ میں نہ اترنے کو ہی اپنے لیے بہترین خیال کیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آذرنیکا نے کہا کہ گذشتہ 10 دنوں سے میرے دائیں پائوں کے انگوٹھے میں تکلیف تھی۔




اس سے قبل کہ انجری کی نوعیت مزید خراب ہوجاتی میں نے میڈیکل ٹریٹمنٹ لینے کا فیصلہ کرلیا، انھوں نے مزید کہا کہ میں درد کی شدت کے باوجود اپنی چوٹ پر پٹیاں باندھ کر مسلسل کھیل جاری رکھے ہوئے تھی لیکن بہتری نہ آنے پر آرامکا فیصلہ کیا، میرے لیے اب آسٹریلین اوپن میں اعزاز کے دفاع سے قبل مکمل فٹنس پانے کے لیے کوئی اور موقع نہیں بچا تھا۔

ایونٹ میں معروف پلیئرز کی یہ دوسری بڑی انجری ہے، اس سے قبل ماریا شراپووا نے کندھے کی ہڈی میں تکلیف کے پیش نظر ابتدائی میچ کھیلنے سے معذرت کرلی تھی، دوسری جانب اناستاسیا اب تک قسمت کی دھنی ثابت ہوئی ہیں، کوالیفائنگ مرحلے میں ناکامی کے بعد ماریا شراپووا کی دستبرداری پر انھیں مین رائونڈ میں جگہ ملی تھی اور اب وہ ہفتے کو فائنل کھیل رہی ہیں۔مینز کوارٹرفائنلز میں ٹاپ سیڈ برطانیہ کے اینڈی مرے نے ازبک حریف ڈینس استومن کو 6-4،7-6(7/3) سے شکست دی، تھرڈ سیڈ جائلز سیمون کی کہانی مارکوس بغدیتس نے 6-3،6-4 سے ہراکر تمام کردی۔

7 سیڈ آسٹریا کے جرگن میلزر کو 6-3،6-2 سے پچھاڑ کر بیلاروسی پلیئر گریگور دیمیتروف نے فائنل فور میں جگہ بنالی، 5 سیڈ جاپانی کھلاڑی کائی نیشکوری نے 4 سیڈ الیگزینڈر ڈولگوپولوف کو6-4،7-6(7/3) سے ٹھکانے لگایا۔دوسری جانب آکلینڈ کلاسک ویمنز ٹینس کے سیمی فائنلز میں ٹاپ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا اور یانیا وکمائر نے فتوحات حاصل کرلی۔

دونوں پلیئرز ٹرافی کیلیے ہفتے کو مدمقابل آئیں گی، ریڈوانسکا کو سیمی فائنل میں امریکی حریف جیمی ہامپٹن نے ٹف ٹائم دیا، پولش پلیئر نے دونوں سیٹ ٹائی بریکر پر اپنے نام کیے، میچ کا اسکور 7-6(7/4)،7-6(7/3) رہا، بیلجیئن پلیئر یانیا وکمائر نے جرمنی کی مونابارتھیل کیخلاف 6-4،1-6 اور 7-6(7/3) سے فتح پائی۔

Recommended Stories

Load Next Story