
شہید ذوالفقار علی بھٹو کے85 یوم پیدائش کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قائد عوام نے عوام کو مضبوط اور بااختیار بنایا، وہ محکوم طبقات کو آگے لایا اور ان کو سیاست میں برابر کا حصہ دیا دریں اثناء سابق گورنر پنجاب شہید سلمان تاثیر کی دوسری برسی کے موقع پر صدر آصف علی زرداری نے شہید کی بیوہ سے فون پر بات چیت کی اور شہید کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی، سابق وزیراعظم اور قائد عوام شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی85 ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ شہید بھٹو نے اپنی پور ی زندگی عوام کی فلاح و بہبود ، ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کی بحالی ، تقویت اور فروغ کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ طالع آزما سیاستدانوں ، آمروں ، ڈکٹیٹروں اور خود غرض عناصر نے اپنے اقتدار کی ڈوری کو دوام بخشا جبکہ شہید ذوالفقاربھٹو اقتدار کی مسند کو ٹھوکر مار کر عوام کی صفوں میں آگئے تھے اور ایک عوامی تحریک کا آغاز کر کے انھوں نے ملک میں آمریت کے خلاف تاریخی جدوجہد کی ۔
پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات وقارمہدی نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا85 واں یوم پیدائش آج (ہفتے کو)ملک بھر میں نہایت جوش و خروش اور شایان شان انداز میں منایا جائے گا ۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے تحت ملک کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں تقریبات منعقد ہوں گی،کیک کاٹے جائیں گے اور مرکزی اور مقامی قائدین شہید بھٹو کے کارناموں اور جدوجہد پر روشنی ڈالیں گے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔