لاہورقلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹ سے شکست دے دی

لاہور قلندرز کی جانب سے جیسن روئے نے 61، عمر اکمل 35 اور میک کلم نے 25 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے کپتان مصباح نے 61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ - فوٹو: پی سی بی

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں لاہور قلندر نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹ سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں اسلام آباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 158 رنز بنائے جس کے جواب میں لاہور قلندرز کی جانب سے برینڈن میک کولم اور جیسن روئے نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے پہلے ہی اوور میں 21 رنز بٹورے جب کہ دوسرے اوور میں اسکور کو 36 تک پہنچادیا لیکن تیسرے ہی اوور میں رومان رئیس نے میکلم کو 25 رنز پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد فخر زمان بھی 5 رنز ہی بناسکے تاہم عمر اکمل اور روئے نے ٹیم کو اسکور کو آگے بڑھایا، عمر اکمل 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سنیل نارائن 26 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ روئے نے 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میکلم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ڈیون اسمتھ اور سیم بلنگز نے ٹیم کو 73 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا لیکن گرانٹ ایلیٹ نے ایک ہی اوور میں دونوں کھلاڑیوں کو بالترتیب 37 اور 31 رنز پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد ہیڈن بھی 9 اور شین واٹسن 7 رنز پر ایلیٹ کا شکار بنے۔ تاہم کپتان مصباح الحق نے 5 چھکوں اور 3 چوکوں کے ساتھ 61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔


لاہو کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ نے 4 جب کہ سہیل تنویر اور سنیل نارائن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائٹیڈ نے اپنے دوسرے میچ کے لیئے تین تبدیلیاں کی ہیں جن میں شرجیل خان اور خالد لطیف کو مشکوک افراد سے رابطے کی وجہ سے وطن واپس بھیج دیا گیا ہے اور ان کی جگہ آج کے میچ میں آصف علی اور شاداب خان کو کھلایا جارہا ہے جب کہ محمد عرفان سے بھی اس حوالے سے تحقیقات کی گئی ہیں تاہم ان پر میچ کھیلنے کی پابندی عائد نہیں کی گئی جس کے باوجود اسلام آباد یونائٹیڈ نے آج کے میچ میں انہیں باہر بٹھانے کا فیصلہ کیا ہےاور ان کی جگہ رومان رئیس کو موقع دیا گیا ہے۔

واضح رہے اسلام آباد یونائٹیڈ نے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ لاہور قلندر کو اپنے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر سے مقابلے میں 8 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Load Next Story