ون ڈے رینکنگپروٹیز کی ٹاپ پوزیشن آندھیوں کی زد میں آگئی
2002 کے بعد یہ پانچواں موقع ہے جب جنوبی افریقہ نے نمبرون ون ڈے ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر پہنچتے ہی پروٹیز سائیڈ آندھیوں کی زد میں آگئی، جگہ کو مستحکم کرنے کیلیے نیوزی لینڈ کو بھی زیر کرنا ہوگا، سری لنکا کے بھی چھٹے نمبر پر قدم کمزور پڑنے لگے۔
جنوبی افریقہ نے سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز میں 0-5 سے کلین سوئپ کرکے ون ڈے رینکنگ میں دو برس بعد ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ جب پروٹیز نے سیزن کا آغاز کیا تھا تب وہ ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا سے پورے 4 پوائنٹس پیچھے تھی تاہم کینگروز کی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں تین میچز کی سیریز میں 2-0 سے شکست اور آئی لینڈرز پرکلین سوئپ کامیابی نے جنوبی افریقی ٹیم کوکینگروز سے بھی آگے پہنچادیا لیکن اس کی یہ پوزیشن مستحکم نہیں بلکہ ایک ہی جھونکا اسے اس جگہ سے محروم کرسکتا ہے۔
نمبرون کے اعزاز کو برقرار رکھنے کیلیے جنوبی افریقہ کو 19 فروری سے 4 مارچ تک نیوزی لینڈ کیخلاف شیڈول پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں کامیابی حاصل کرنا ہے، اگر پروٹیز یہ معرکہ 2-3 یا اس سے بہتر انداز میں سرکرنے میں کامیاب رہتے ہیں تو پھر ان کی پوزیشن بہترہوجائے گی لیکن اگر کیویز یہ سیریز اتنے ہی مارجن سے جیت جاتے ہیں تو پھر پروٹیز کو آسٹریلیا کے لیے دوبارہ نمبر ون پوزیشن خالی کرنا پڑے گی۔ 2002 کے بعد یہ پانچواں موقع ہے جب جنوبی افریقہ نے نمبرون ون ڈے ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے، اس سے پہلے فروری 2007، مارچ مائی 2008، جنوری سے اگست 2009 اور اکتوبر نومبر 2014 میں بھی وہ یہ عالمی درجہ بندی میں سرفہرست رہاہے۔
دوسری جانب سری لنکا کو تین پوائنٹس کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا، اگرچہ وہ بدستور چھٹے نمبر پر موجود مگر اب اس کے پوائنٹس 98 رہ گئے جوکہ بنگلہ دیش سے صرف 7 اور آٹھویں نمبر پر موجود پاکستان سے 9 پوائنٹس زائد ہیں۔ رواں برس30 ستمبر تک جو ٹیمیں ٹاپ 8 نمبروں پر ہوں گی وہ دوبرس بعد انگلینڈ میں شیڈول ون ڈے ورلڈ کپ میں براہ راست جگہ پائیں گی جب کہ دیگرکو کوالیفائنگ راؤنڈر کھیلنا پڑے گا۔