طاہرالقادری مریدوں کوسردی میں نہ آزمائیںگورنر پنجاب

جمہوریت غیرمستحکم کرنیوالوں کی اہمیت نہیں،خواہش ہے فنکشنل لیگ میں رہوں


Staff Reporter January 05, 2013
جمہوریت غیرمستحکم کرنیوالوں کی اہمیت نہیں،خواہش ہے فنکشنل لیگ میں رہوں، گورنر پنجاب، فوٹو : فائل

گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے کہاہے کہ جمہوریت کو غیر مستحکم کرنے والی قوتوں کو اہمیت نہیں دیتا۔

ڈاکٹر طاہر القادری کو میرا مشورہ ہے کہ وہ اپنے مریدوں کو آزمائش میں نہ ڈالیں کیونکہ 14 جنوری کو اسلام آباد میں بہت سردی ہوگی۔ وہ جمعے کوبانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ قبل ازیں گورنر پنجاب نے بانی پاکستان کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ گورنر پنجاب نے بانی پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم بہت بڑی شخصیت ہیں، ہمیں ان کے وژن کے مطابق پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ غیر جمہوری قوتوں کو روکنا جمہوری قوتوں کی ذمے داری ہے، تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان افہام وتفہیم کی فضا قائم کرنا میری آئینی ذمے داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے لیکن گڈگورننس کی کمی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اگر جمہوری عمل کا تسلسل جاری رہے گا تو ملک کے مسائل خود بخود حل ہوجائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ جمہوریت کے تسلسل کیلیے انتخابی عمل ضروری ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کررہی ہے اور آئندہ انتخابات قریب ہیں۔ سیاسی قوتوں کو ان انتخابات کے لیے تیاری شروع کردینی چاہیے۔

16

طاہر القادری کے لانگ مارچ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری ایک سیاسی اور روحانی شخصیت ہیں، پیر تو وہ ہوتا ہے جو اپنے مریدوں کو آزمائش میں نہ ڈالے، 14 جنوری کو اسلام آباد میں سخت سردی ہوگی۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ گورنر کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں رکھتا۔ انھوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ میں مسلم لیگ فنکشنل میں رہوں تاہم پارلیمنٹ تحلیل ہونے کے بعد سیاسی کیریئر کا فیصلہ کرونگا۔ قبل ازیں گور نر پنجاب مخدوم احمد محمود جمعے کو صوبہ سندھ کے دورے پر قائد اعظم انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے تو وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ دونوں رہنمائوں نے و ی آئی پیز لائونج میں مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ گورنر پنجاب نے پرتپاک خیرمقدم پر وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔