کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نےکراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

کراچی کنگز کی جانب سے بابراعظم نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

کراچی کنگز کی جانب سے بابراعظم نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ فوٹو: پی ایس ایل

KARACHI:
پاکستان سپر لیگ کے پانچویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی انٹرنیشنل گراؤنڈ میں کھیلے گئے پاکستان سپرلیگ کے پانچویں میچ میں کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 159 رنز بنائے جس کے جواب میں اسد شفیق اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا لیکن سہیل خان کی تباہ کن بولنگ کے باعث کوئٹہ کے ابتدائی بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہیں رک سکے، احمد شہزاد اور اسد 11،11 رنز بناسکے جب کہ کیون پیٹرسن بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے تاہم کپتان سرفراز احمد اور ریلی روسوو نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا دونوں بلے بازوں نے بالترتیب 56 اور 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ کراچی کنگز کی جانب سے تینوں وکٹیں سہیل خان نے حاصل کیں۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، کرس گیل اور شاہ زیب حسن نے اننگز کا آغاز کیا، شاہ زیب 19 اور کرس گیل 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بابراعظم اور سنگاکارا نے 44 رنز کی شراکت قائم کی ، سنگاکارا 25 اور بابر اعظم 50 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں پولارڈ 14، شعیب ملک 15 اور روی بوپارا 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔


کوئٹہ کی جانب سے تھسیرارا پریرا 3، تیمل ملز 2 اور محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کراچی کنگز کو اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہورقلندرز کو شکست دی تھی.

Load Next Story