شرجیل اور خالد لطیف کے علاوہ کسی کھلاڑی کو معطل نہیں کیا چیرمین پی ایس ایل

محمد عرفان کو صرف تحقیقات کا حصہ بنایا گیا، نجم سیٹھی

محمد عرفان کو صرف تحقیقات کا حصہ بنایا گیا، نجم سیٹھی، فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD:
پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ شرجیل خان اور خالد لطیف کے علاوہ کسی اور پلیئر کو معطل نہیں کیا گیا تاہم کرپشن کی مزید اطلاعات پر ہی کارروائی کی جائے گی۔

پاکستان سپر لیگ سیزن 2 کے دوران مشکوک افراد سے کھلاڑیوں کے ملنے کے معاملے پر چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پرکہا کہ شرجیل خان اور خالد لطیف کے علاوہ کسی اور پلیئر کو معطل نہیں کیا گیا جب کہ اب کرپشن کی مزید اطلاعات پر ہی کارروائی کی جائے گی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اسلام آباد یونائٹیڈ کے شرجیل خان اور خالد لطیف ایونٹ سے باہر



نجم سیٹھی نے کہا کہ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ چوکنا رہے گا اور پی ایس ایل کو کرپشن سے بچانے کے لیے ہرممکن کوششیں جاری رکھے گا۔



اس خبر کو بھی پڑھیں: محمد عرفان کے خلاف بھی تحقیقات شروع


چیرمین پاکستان سپر لیگ نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا افواہیں پھیلانا بند کرے جب کہ پلیئر مطمئن ہو کر کھیلیں اور لوگوں کو اپنے کھیل کے ذریعے تفریح فراہم کریں۔



اس سے قبل نجم سیٹھی نے محمد عرفان کو معطل کیے جانے کے خبروں کی تردید کرتے ہوئے وضاحت کی کہ محمد عرفان کو فوری طور پر معطل نہیں کیا گیا بلکہ انہیں اس حوالے سے تحقیقات کا حصہ بنایا گیا ہے۔



نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپن بولر ذوالفقار بابر اور کراچی کنگ کے کھلاڑی شاہ زیب حسن بھی پی ایس ایل کا حصہ رہیں گے تاہم اینٹی کرپشن یونٹ ایونٹ میں شامل تمام کھلاڑیوں کی کڑی نگرانی کرتا رہے گا۔



چیئرمین پی ایس ایل کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کو کرپشن سے پاک رکھنے اور کرکٹ کے کھیل کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا جب کہ تحقیقات میں آئی سی سی کا بھی تعاون حاصل ہے۔
Load Next Story