سیکریٹری خزانہ کو ریونیو کا بھی چارج دینے پر ان لینڈریونیو سروس بند

کام چھوڑ کرہڑتال پرچلے گئے، کسٹمزگروپ کے افسران کا بھی احتجاج میں شامل ہونے کا امکان


Ehtisham Mufti February 12, 2017
خلاف روایت سیکریٹری ریونیوکاعہدہ ایف بی آر چیف کو نہ دینے پرآئی آرایس افسران کو پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے ماتحت کیے جانے کاشبہ۔ فوٹو : فائل

وفاقی حکومت کی جانب سے ان لینڈریونیو سروس (آئی آر ایس) کو پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (سابق ڈسٹرکٹ منیجمنٹ گروپ۔ ڈی ایم جی) کے ماتحت کرنے کے شبے میں آئی آر افسران نے احتجاجاً غیرمعینہ مدت کی ہڑتال کردی، امکان ہے کہ اس ہڑتال میں کسٹمزگروپ کے افسران بھی شامل ہوجائیں جس سے ریونیو کی وصولیوں کا عمل متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

آئی آرایس کے ہڑتالی افسران کاموقف ہے کہ وفاقی حکومت نے ڈی ایم جی گروپ کے سینئر افسر جو وفاقی سیکریٹری خزانہ بھی ہیں کو تاریخ میں پہلی مرتبہ روایت سے ہٹ کر وفاقی سیکریٹری ریونیو ڈویژن کا اضافی عہدہ بھی دیدیا ہے حالانکہ سیکریٹری ریونیو ڈویژن کاعہدہ ہمیشہ سے چیئرمین ایف بی آر کے پاس ہوتا ہے جب کہ آئی آرایس افسران کو خدشہ ہے کہ حکومت آئی آرایس اور کسٹمزجیسے اسپیشلائزڈ گروپ کو پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ (سابق ڈی ایم جی) کے ماتحت کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔

ادھر ایف بی آرکے نئے چیئرمین ڈاکٹرارشاد احمد کا تعلق چونکہ آئی آرایس گروپ سے ہے جن کاریونیواہداف کے حصول میں ہمیشہ سے اہم کرداررہا ہے انہیں سیکریٹری ریونیو ڈویژن کاچارج لینے سے محروم کردیا گیا ہے تاہم وفاقی حکومت کے اس اقدام کے خلاف ملک بھرمیں قائم آئی آرسروس کے22 دفاترمیں تعینات 1300 سے زائد افسران نے جمعہ سے غیرمعینہ مدت کی ہڑتال کا آغاز کردیا ہے جو ہفتے کو دوسرے دن بھی جاری رہی۔

اس ضمن میں پاکستان ان لینڈریونیو سروس آفیسرزایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہڑتال پیر کے دن بھی جاری رہے گی اور اس ہڑتال میں شمولیت کے لیے کسٹمزآفیسرز ایسوسی ایشن سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے اگر آئی آرایس سے تعلق رکھنے والے چیئرمین ایف بی آرکو سیکریٹری ریونیو ڈویژن کا چارج نہ دیا گیا تووہ عدالت سے رجوع کریں گے، حکومت کے اس غیردانشمندانہ اقدام سے آئی آرایس افسران میں زبردست بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے جس سے ریونیو وصولیوں کا عمل بری طرح متاثر ہونے کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے۔

دوسری جانب آئی آرایس آفیسرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ چونکہ ریونیو وصولیوں کا بڑا حصہ شہری علاقوں سے ہوتا ہے اس لیے ان لینڈریونیوسروس کی نئی ٹیم نے ٹیکس برائے جی ڈی پی تناسب بڑھانے کی غرض سے ریونیو وصولیوں کے دائرہ کارکو ملک بھرکے ضلعی سطح تک نظام اختیارکرنے کی منصوبہ بندی کرلی تھی جس سے ڈسٹرکٹ منیجمنٹ گروپ کو خوامخواہ اپنی بقاء کا خطرہ لاحق ہوگیاہے، یہی وجہ ہے کہ ڈی ایم جی کی ایک مخصوص لابی نے ملک بھر کے اضلاع میں اپنی اجارہ داری برقراررکھنے کے لیے ان لینڈ ریونیو سروس کے مجوزہ ضلعی سطح پرٹیکس وصولیوں کا پلان ناکام بنانے کے لیے آئی آرسروس سے تعلق رکھنے والے چیئرمین ایف بی آر کوسیکریٹری ریونیو ڈویژن کے حق سے محروم کرتے ہوئے وزارت کے دونوں اعلیٰ عہدے اپنے پاس رکھ لیے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں