پنجاب میں ادویہ ساز کمپنیوں کا ڈرگ ایکٹ کے خلاف ہڑتال کا اعلان

ڈرگ ایکٹ میں ترامیم کرتے وقت کسی بھی اسٹیک ہولڈر کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، چئیرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی

موجودہ حالات میں یہ ناقابل عمل ترامیم ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔،جوائنٹ ایکشن کمیٹی فوٹو:فائل

فارماسوٹیکل مینوفیکچررز نے ڈرگ ایکٹ کے خلاف کل سے پنجاب بھر میں میڈیکل اسٹورز بند کرکے احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فارما سوٹیکل مینو فیکچررز نے پنجاب اسمبلی میں منظور کئے جانے والے ڈرگ ایکٹ 1976 کے ترمیمی بل کی مخالفت کردی ہے اور کل سے پنجاب میں ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ملکی تاریخ میں پہلی بار اسسٹنٹ کمشنرز کی ہڑتال

پاکستان فارما سوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چئیرمین طاہر اعظم نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ڈرگ ایکٹ میں ترامیم کرتے وقت کسی بھی اسٹیک ہولڈر کو اعتماد میں نہیں لیا گیا یہ ترامیم ملکی قوانین کے متصادم اور صوبائیت کو فروغ دینے کے مترادف ہے اور موجودہ حالات میں یہ ناقابل عمل ترامیم ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: نرسنگ اسٹاف کا دھرنا، سرکاری اسپتالوں میں طبی سرگرمیاں معطل

طاہر اعظم کا کہنا تھا کہ فیڈرل ڈرگ ایکٹ 1976 اور ڈریپ ایکٹ 2012 پر مکمل عملدرآمد کیا جائے اور ترمیم شدہ ایکٹ کو فی الفور واپس لیا جائے ورنہ کل سے پنجاب بھر میں میڈیکل اسٹور غیرمعینہ مدت کےلئے بند کردیئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے والے ہمارے نمائندے نہیں بلکہ ہڑتال کی کال واپس لینے والے افراد کوحکومتی سرپرستی حاصل ہے،اگر حکومت نے اپنی ہٹ دھرمی ختم نہ کی تو فارما ٹریڈ سے وابستہ لاکھوں افراد بے روزگار ہوجائیں گے جس کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی ایک بار پھرہڑتال

واضح رہے کہ پاکستان فارما سوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن میں مینو فیکچررز، ریٹیلرز اور ہول سیلرز سمیت 13 تنظیمیں شامل ہیں اوران تنظیموں کی ہڑتال کے باعث ملک بھر میں دواؤں کی قلت کا خدشہ پیدا ہوجائے گا۔
Load Next Story