250 وکٹیں ایشون نے برق رفتاری سے ڈینس للی کا ریکارڈ توڑدیا

بھارتی ہیڈ کوچ انیل کمبلے نے بھارت کی جانب سے سب سے تیز 55 ٹیسٹ میچز میں 250 وکٹیں مکمل کی تھیں۔


Sports Desk February 12, 2017
بھارتی ہیڈ کوچ انیل کمبلے نے بھارت کی جانب سے سب سے تیز 55 ٹیسٹ میچز میں 250 وکٹیں مکمل کی تھیں ۔ فوٹو: فائل

بھارتی اسپن گن روی چندرن ایشون بھی ہوم گراؤنڈز پر نئے کارنامے انجام دینے لگے، انھوں نے تیز ترین 250 وکٹوں کا ڈینس للی کا ریکارڈ توڑ دیا، جب سے انھوں نے ڈیبیو کیا کوئی بھی دیگر بولر ان سے زائد وکٹیں نہیں لے سکا، اپنے ہی ہیڈ کوچ انیل کمبلے کا ملکی اعزاز بھی چھین لیا، وقت کے لحاظ سے صرف گریم سوان ان سے تھوڑا آگے رہے۔

بھارتی ٹیم گزشتہ کچھ عرصے سے مسلسل ہوم گراؤنڈز پرٹیسٹ کرکٹ کھیل رہی ہے جس سے اس کے کھلاڑی بھی ریکارڈز کی بہتی گنگا میں خوب غوطے لگا رہے ہیں، آف اسپنر روی چندرن ایشون بھی سلو اور موزوں کنڈیشنز میں حریف کھلاڑیوں کی وکٹوں کا انبار لگاتے جارہے ہیں، انھوں نے گزشتہ روز بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں تیز رفتاری سے 250 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا، وہ اس منزل تک صرف 45 میچز میں پہنچے اس طرح انھوں نے ڈینس للی کا 48 میچز میں اتنی وکٹیں لینے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جب کہ موجودہ بھارتی ہیڈ کوچ انیل کمبلے نے بھارت کی جانب سے سب سے تیز 55 ٹیسٹ میچز میں 250 وکٹیں مکمل کی تھیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :ایشون نے نیا مشغلہ ڈھونڈ لیا

کسی بھی بولر کی جانب اس سے قبل 45 ٹیسٹ میں سب سے زیادہ232 وکٹیں ڈیل اسٹین نے لی تھی جب کہ مرلی دھرن اپنے ابتدائی 45 میچز میں 218 شکار ہی کھیل پائے تھے جب کہ بھارت سے کسی بھی بولر نے اپنے پہلے اتنے مقابلوں میں 200 کا ہندسہ بھی عبور نہیں کیاتھا، ہربھجن نے میچز 199 شکار کھیلے تھے۔ جب سے ایشون نے ڈیبیو کیا ہے تب سے کوئی بھی بولر اتنی وکٹیں نہیں لے سکا ہے، ان کے قریب ترین سری لنکا کے رنگانا ہیراتھ ہیں جنھوں نے اس عرصے میں 46 میچز میں 247 وکٹیں لیں جب کہ بھارت میں کوئی ان سے آدھی وکٹیں بھی نہیں لے سکا، جڈیجا کی اس دوران وکٹوں کی تعداد 112 رہی۔ وقت کے لحاظ سے صرف گریم سوان ہی ان سے قبل 250 وکٹوں تک پہنچے، انھیں 4 برس اور 345 دن کا عرصہ لگا جب کہ ایشون نے 5 برس اور 95 دن لگائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔