عید کی تیاریاں پشاوری اور کوہاٹی چپلوں کے نئے ڈیزائن متعارف کرا دیے گئے

چمڑے اور ریگزین سے تیار چکوالی،ملتانی، لاہوری اور بلوچی چپلیں فروخت کی جاتی ہیں


Kashif Hussain July 29, 2012
ناظم آبادکی دکان میں ایک لڑکا پشاوری چپل پہن کر پسند کررہا ہے(فوٹو : محمد نعمان )

عید کے لیے پشاوری، کوہاٹی چپلوں کے نت نئے ڈیزائن متعارف کرادیے گئے ہیں، کراچی میں پشاوری چپلوں کا سب سے بڑا اور قدیم بازار ناظم آباد نمبر دو میں واقع ہے جہاں پشاوری چپلوں کا نیا اسٹاک گاہکوں کا منتظر ہے، پشاوری چپلوں کا یہ بازار کراچی میں مختلف زبانیں بولنے والے افراد کی یک جہتی کی علامت بن چکا ہے،

اس بازار میں پشاوری چپلوں کے علاوہ، کوہاٹی، چکوالی، ملتانی، لاہوری اور بلوچی روایت کی عکاس چپلیں تیار اور فروخت کی جاتی ہیں، یہ بازار نصف صدی سے قائم ہے جہاں 70سے زائد دکانوں پر چمڑے اور ریگزین سے تیار چپلیں فروخت کی جارہی ہیں، بازار میں قائم مردان چپل ہائوس کے مالک فضل محمد خان نے بتایا کہ کراچی میں پشاوری چپلوں کے مراکز شیرشاہ، بنارس، لانڈھی دائود چورنگی اور مہاجر کیمپ 24 کی مارکیٹ میں قائم ہیں

لیکن ناظم آباد کا بازار سب سے بڑا بازار ہے جہاں ملک کے مختلف شہروں کی روایتی چپلیں فروخت کی جاتی ہیں، عید کے لیے پشاوری کوہاٹی چپلوں کی تیاری ایک ماہ قبل شروع کردی جاتی ہے چپلوں کی تیاری میں چمڑا، ریگزین، فوم اور گائے بھینس کی کھال (الٹا چمڑا) استعمال کیا جاتا ہے، ناظم آباد 2نمبر مجاہد کالونی کے اردگر گھروں میں کارخانے قائم ہیں

جہاں ماہر کاریگر دن رات چپلیں تیار کرتے ہیں، عید کے لیے ماہر کاریگر اندرون ملک سے خاص طور پر کراچی آتے ہیں، ناظم آباد کی پشاوری چپل مارکیٹ میں 500سے زائد مزدور اور کاریگر روزگار سے وابستہ ہیں جبکہ عید کیلیے دکانوں پر اضافی سیلز مین بھی کام کرتے ہیں، انھوں نے بتایا کہ عید کے علاوہ عام دنوں میں بھی پشاوری چپل سب سے زیادہ فروخت کی جاتی ہے،

فروخت کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر بلوچی چپلیں، تیسرے نمبر پر کوہاٹی، چوتھے نمبر پر چکوالی اور اٹک کی چپلیں پانچویں نمبر پر آتی ہیں، ان چپلوں کے سول زیادہ تر پرانے ٹائروں سے تیار کیے جاتے ہیں جو پائیداری میں اپنی مثال آپ ہیں، بلوچی چپلوں میں بگٹی چپل، ڈبل پلہ چپل اور آتنگ وادی چپل مشہور ہیں جبکہ تلے والی چکوالی چپل یا گانٹھ والی چکوالی چپلیں، زری کی کڑھائی والی چکوالی چپلیں بہت مشہور ہیں،

اسی طرح زری کے کام والی ملتانی کھیڑیاں اور چپلیں مشہور ہیں جو شادی بیاہ میں بھی ذوق وشوق سے پہنی جاتی ہیں، پشاوری چپلوں میں76-10اور 68-10نام کے ڈیزائن سدا بہار ہیں اس کے علاوہ کان وال پشاوری چپل، نوک والی پشاوری چپل، کٹ گول پشاوری چپل اور موٹے سول والی پشاوری چپلیں مشہور ہیں، بازار میں کولا پوری چپلیں بھی فروخت کی جارہی ہیں جن میں بلیک، برائون کولاپوری موتی والی اور جالی والی کولا پوری چپلیں بھی تیزی سے مقبول ہورہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں