مودی غسل خانوں میں تاکا جھانکی کے شوقین ہیں راہول گاندھی

مودی کو جنم پتری پڑھنے، گوگل سرچ کرنے کا بھی شوق ہے لیکن بطور وزیراعظم وہ بالکل ناکام ہیں،نائب صدرانڈین نیشنل کانگریس

مودی کو جنم پتری پڑھنے، گوگل سرچ کرنے کا بھی شوق ہے لیکن بطور وزیراعظم وہ بالکل ناکام ہیں،نائب صدرانڈین نیشنل کانگریس. فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
انڈین نیشنل کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ مودی کو جنم پتری پڑھنے، گوگل سرچ کرنے اور دوسروں کے غسل خانوں میں جھانکنے کا شوق ہے۔

لوک سبھا میں ایک بیان دیتے ہوئے موجودہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو برساتی پہن کر نہانے کا ہنر سیکھنا ہو تو وہ منموہن سنگھ (سابق بھارتی وزیراعظم) سے سیکھے کیونکہ ان کی حکومت میں بڑے بڑے فراڈ ہوئے لیکن آج وہ ایسے ظاہر کررہے ہیں جیسے ان کے کپڑوں پر ایک داغ بھی نہیں۔


دوسری جانب گزشتہ جمعے کو ہریدوار میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب میں نریندر مودی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی جماعت (بی جے پی) نے کانگریسی رہنماؤں کی بدکاریوں پر تفصیلی رپورٹ تیار کرلی ہے۔ اسی خطاب میں مودی نے کہا کانگریسی رہنما اپنے منہ بند رکھیں ورنہ ان سب کی جنم پتری ہمارے پاس ہے۔

گزشتہ روز سماج وادی پارٹی کے صدر اکھیلیش یادو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے راہول گاندھی نے مودی پر شدید تنقید کی اور انہیں ''دوسروں کے غسل خانوں میں جھانکنے کا شوقین'' قرار دے دیا۔

راہول گاندھی کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب نریندر مودی سے ان کے دورِ حکومت میں روزگار، قومی سلامتی اور کرنسی نوٹوں کی منسوخی سے پیدا ہونے والے مالی بحران جیسے مسائل کے بارے میں پوچھا جاتا ہے تو وہ ادھر ادھر کی ہانکنے لگ جاتے ہیں اور یہ بات سارا ہندوستان بخوبی جانتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ڈھائی سال کے دوران مودی سرکار نے جتنے گھوٹالے کئے ہیں انہیں نظرانداز کرتے ہوئے مودی نے ریاستی اداروں کو صرف کانگریس کے خلاف کام پر لگادیا ہے۔
Load Next Story