مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا ہے کہ کے ای ایس سی نے اگر واجبات کی ادائیگی نہیں کی تو اُسے گیس کی فراہمی بند کردی جائے گی۔
میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ کے ای ایس سی پر40ارب روپے سے زائد رقم واجب الادا ہے اوراگریہ رقم کے ای ایس سی نے ادانہ کی تو پھر اُسے گیس کی فراہمی معطل کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کراچی میں گھریلو صارفین کے لئے گیس کی کمی سے متعلق آگاہ ہیں اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کردی گئی ہے امید ہے کہ پیر سے شہر میں گیس کی فراہمی کی صورت حال بہتر ہوجائے گی۔
ڈاکٹرعاصم کا کہنا تھا کہ متعلقہ گیس کمپنیوں نے کئی غیر قانونی سی این جی کنکشن کاٹ دیئے ہیں۔ سی این جی ایسوسی ایشن کے عہدیدار بلیک میلر ہیں وہ اپنے مطالبات منوانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔
مشیر پیٹرولیم نے مزید کہا کہ ملک میں توانائی کا بحران غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے، 9 جنوری کو ایل این جی کی درآمد کا ٹینڈر جاری کریں گے جس سے ملک کو درپیش توانائی بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔