وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ اور تحریر اسکوائر کی باتوں سے تمام لوگ فکرمند ہیں، طاہر القادری کو تحفظات ہیں تو الیکشن کمیشن کو اپنی تجاویز دیں۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں کی مدت 16مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔ نگراں سیٹ اپ کا طریقہ کار آئین میں درج ہے۔ اس سلسلے میں سیاسی قوتوں سے مشاورت کی جائے گی اور مشاورت سے ہی نگراں سیٹ اپ بنے گا۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ قانون سازی کا اختیار صرف پارلیمنٹ کو ہے، پارلیمنٹ ہی عوام کی نمائندہ ہے، ملک میں آئین اور قانون سے ہٹ کر کچھ نہیں ہوگا،آج ملک میں ایسی حکومت ہے جو لوگوں کو جوابدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خود الیکشن کمیشن اور الیکشن کے طریقہ کار کو شفاف کرنا چاہتی ہے اگرطاہر القادری کو تحفظات ہیں تو انہیں چاہئے اپنی تجاویز الیکشن کمیشن کو دیں، ہم تمام قسم کی تجاویز کو خوش آمدید کہتے ہیں لیکن اس سے پہلے طاہر القادری طے کر لیں کہ انہوں نے انتخابات میں حصہ لینا بھی ہے یا نہیں۔
وفاقی وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ لانگ مارچ اور تحریر اسکوائر کی باتوں سے تمام لوگ فکرمند ہیں، تحریر اسکوائر کی بات کرنے والوں کو جان لینا چاہئے کہ شہید بھٹو نے 40سال پہلے تحریر چوک سے تحریک کا آغاز کیا۔ پیپلزپارٹی کی موجودہ حکومت نے ملک کی چوتھی آمریت کو شکست دی،آج اگر ذوالفقار علی بھٹو ہوتے تو پاکستان کئی گنا توانا ہوتا۔