پاکستان کو بھارت میں پہلے کلین سوئپ کا موقع مل گیا

پاکستان فیروز شاہ کوٹلہ میں بھارت کے خلاف کھیلے گئے واحد میچ میں فاتح رہی ہے۔

فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ میں پاکستان کا سب سے بڑا اسکور 303 رنز ہے، فوٹو : فائل

پاکستان کو بھارت کیخلاف اسی کی سرزمین پر پہلے کلین سوئپ کا موقع مل گیا ہے، کھلاڑیوں نے مقصد کے حصول کیلیے جان لڑانے کا عزم ظاہر کر دیا، ماضی میں بھارتی سرزمین پر پاکستان کی کارکردگی ملی جلی رہی ہے۔ پہلی بار ٹیم نے پڑوسی ملک میں 1983-84 میں 2 میچز کی ون ڈے سیریز کھیلی اور دونوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، بدقسمت کپتان ظہیر عباس تھے۔

1986-87 میں روایتی حریفوں کے درمیان6 ون ڈے میچز کھیلے گئے، اس بار قسمت پاکستانی ٹیم پر مہربان رہی، عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں ٹیم نے اندور میں 3 اورکلکتہ میں2 وکٹ سے کامیابی حاصل کی، حیدرآباد دکن کے تیسرے ون ڈے میں دونوں ٹیموں نے یکساں 212 رنز بنائے تاہم کم وکٹیں گرنے پر میزبان کو فاتح قرار دے دیا گیا، پونے میں 6 وکٹ کی فتح نے مہمان سائیڈ کو سیریز میں فیصلہ کن برتری دلائی جبکہ ناگپورمیں41 رنز اور جمشید پور میں 5 وکٹ کی فتوحات بھی عمران الیون کی منتظر تھیں، سیریز میں میانداد نے 229 اورسلیم ملک نے 226 رنز بنائے، وسیم اکرم نے 9کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

2004-5میں جب انضمام الحق کی قیادت میں ٹیم بھارت گئی تو ابتدائی دونوں ون ڈے میں شکست کے بعد شاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے چاروں میچز جیت کر سیریز اپنے نام کر لی، شعیب ملک نے مجموعی طور پر 269 رنز بنا کر فتح میں اہم کردار ادا کیا، سلمان بٹ 235، انضمام 228 اور شاہدآفریدی211 رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہے، بولنگ میں میڈیم پیسر رانا نوید الحسن 15 وکٹیں لے اڑے جبکہ آف اسپنر ارشد خان نے 9 پلیئرز کو میدان بدر کیا۔


2007 میں پاکستان کو بھارت میں ون ڈے سیریز کے دوران2-3 سے ناکامی کا داغ سہنا پڑا، اس وقت کپتانی شعیب ملک کے سپرد تھی،موجودہ ٹیم کے کامران اکمل، یونس خان ، مصباح الحق اور عمرگل بھی اس سیریز میں شریک رہے۔

اب حالیہ دورے میں پاکستان ابتدائی دونوں میچز جیت چکا اور تیسرے میچ میں فتح کی صورت میں نئی تاریخ رقم کر دے گا، میچ کا انعقاد دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں ہونا ہے، اس گرائونڈ سے پاکستانی ٹیم کی خوشگوار یادیں وابستہ ہیں اور یہاں کھیلے گئے اپنے واحد میچ میں17 اپریل2005 کو میزبان کیخلاف 159 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، فاتح سائیڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ پر 303 رنز بنائے، شعیب ملک72، انضمام الحق 68 اور یوسف50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، بھارتی ٹیم 37 اوورز میں 144 پر ڈھیر ہو گئی، اسپنر ارشد خان نے 3 اور شاہدآفریدی نے 2 وکٹیں لیں۔

پاکستان کے 303 رنز اس گراؤنڈ پر کسی بھی ٹیم کا دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے، ریکارڈ مجموعہ 330/8، 28 فروری 2011 کو ورلڈکپ میچ میں ویسٹ انڈیز نے نیدرلینڈز کےخلاف تشکیل دیا تھا، جس کے جواب میں حریف ٹیم نے 115 رنز پر ہتھیار ڈالے جو اس گرائونڈ کا کمترین ٹوٹل ہے۔ فیروز شاہ کوٹلہ میں آخری ون ڈے17 اکتوبر 2011 کو کھیلا گیا جس میں بھارت نے انگلینڈ کو 8 وکٹ سے آؤٹ کلاس کیا، اس میچ میں ویرت کوہلی نے ناقابل شکست سنچری بنائی تھی۔
Load Next Story