آئندہ مالی سال ٹیکس ہدف 4200 ارب روپے مقرر کیے جانے کا امکان

نئے مالی سال میں ٹیکس لگانے سے زیادہ توجہ دائرہ کار بڑھانے پر ہوگی، ذرائع

حکومت نے غورشروع کردیا،ابتدائی تخمینے کیلیے رواں سال کا ہدف بنیاد بنا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف 4200 ارب روپے مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آئندہ مالی سال کے لیے ٹیکس وصولیوںکے ہدف کا جائزہ لینے کے لیے بدھ کو پہلا اجلاس طلب کرلیا ہے، اس سے قبل پاکستان بزنس کونسل، اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورتی اجلاس ہوچکے ہیں۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تخمینے کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی جانب سے مالی سال 2017-18 کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 4200 ارب روپے کے لگ بھگ مقرر کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے، اس ہدف کے لیے رواں مالی سال کے لیے مقررہ 3604 ارب روپے کے ہدف کو بنیاد بنایا گیا ہے تاہم اگر رواں مالی سال کے لیے مقرر کردہ ہدف متاثر ہوتا ہے تو اس صورت میں آئندہ مالی سال کے لیے ٹیکس وصولیوں کے ہدف میں بھی کمی بیشی ہو گی۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں کم سے کم نئے ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا ہے اورزیادہ توجہ نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے اور انتظامی اقدامات کے ذریعے اضافی ریونیو اکٹھا کرنے پر دی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق مختلف اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے موصول ہونیوالی بجٹ تجاویز کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے اور آئندہ ہفتے سے بجٹ کی تیاری کے بارے میں تسلسل کے ساتھ اجلاس ہوں گے، مارچ میں ابتدائی خدوخال کو حتمی شکل دے کر مسودے کو منظوری کے لیے بھجوائے جانے کا امکان ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کیلئے ٹیکس وصولیوں کا ابتدائی ہدف 4200 ارب روپے مقرر کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
Load Next Story