حمائمہ ملک نے شان کی فلم ’’ارتھ ٹو‘‘ سے امیدیں وابستہ کرلیں 

یہ فلم میرے کیریئر کو ایک نئی سمت پرلے کرجائیگی ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو


Qaiser Iftikhar February 14, 2017
’’ارتھ ٹو‘‘ میں دل وجان سے اپنے کردارمیں حقیقت کا رنگ بھرا ہے، اداکارہ۔ فوٹو : فائل

معروف اداکارہ و ماڈل حمائمہ ملک نے شان کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی اپنی نئی فلم ''ارتھ ٹو'' سے امیدیں وابستہ کرلیں۔

معلوم ہوا ہے کہ حمائمہ ملک اپنی نئی فلم کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کرنے لگی ہیں جس کی بڑی وجہ ان کی عمدہ ایکٹنگ اور منفرد کردار ہے۔ فلم میں جہاں حمائمہ ملک نے مرکزی کردارنبھایا ہے، وہیں ورسٹائل شان بھی ایک نئے انداز میں دکھائی دیں گے۔

فلم کی زیادہ تر شوٹنگ پاکستان میں ہوئی ہے لیکن کہانی کی ڈیمانڈ کے مطابق برطانیہ میں بھی فنکاروں کا کام عکسبند کیا گیا ہے تاہم اس سلسلے میں جب حمائمہ ملک سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایک فنکار یہ خواہش کرتا ہے کہ اس کے کیریئر کے دوران کچھ ایسا کام ضرور ہونا چاہیے جواس کی پہچان بنے اوراس کولوگ برسوں یاد رکھیں۔ ایسا ہی ایک پروجیکٹ کچھ عرصہ قبل جب فلم اسٹار شان نے مجھے آفر کیا تو فلم کی کہانی اور اپنا کردار جاننے کے فوراً بعد میں نے اس کا حصہ بننے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ پھر شان جیسے ورسٹائل فنکار کے ساتھ کام کرتے ہوئے جو کچھ سیکھا وہ میرے مستقبل میں بہت کام آئے گا۔

اداکارہ نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ ''ارتھ ٹو'' میرے کیریئر کو ایک نئی سمت پر لے کرجائے گی۔ میں نے بہت دل و جان سے اپنے کردار میں حقیقت کے رنگ بھرے۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ اس سے پہلے اس فلم میں بالی ووڈ کے بہت سے بڑے فنکاروں نے ایکٹنگ کے جوہر دکھائے ہیں اور اب یہ میرے نزدیک کسی بڑے امتحان سے کم نہ تھا۔

حمائمہ نے کہا کہ مجھ سمیت فلم میں شامل تمام فنکاروں نے بڑی ذمے داری کے ساتھ اپنا کام پکچرائزکروایا ہے۔ فلم اسٹار شان نے جس طرح ہمیشہ کی طرح بہت عمدگی کے ساتھ اپنا کردارنبھایا ہے، اسی طرح انھوں نے کیمرے کے پیچھے کھڑے ہو کر ہم سب فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہارکا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ اس طرح کے پروجیکٹس ہی پاکستانی فلم اور سینما گھروں کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ اس پروجیکٹ کی کہانی جاندار، خوبصورت لوکیشنز کے ساتھ ساتھ میوزک پر بھی خوب توجہ دی گئی ہے۔ اسی لیے مجھے اپنی اس فلم سے بہت سی امیدیں ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں