گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے ڈرگ ترمیمی ایکٹ بل کی منظوری دے دی

نئے قانون کے خلاف میڈیکل اسٹورز، ادویات سازوں اور ڈسٹری بیوٹرز سراپا احتجاج ہیں۔


ویب ڈیسک February 14, 2017
نئے قانون کے خلاف میڈیکل اسٹورز، ادویات سازوں اور ڈسٹری بیوٹرز سراپا احتجاج ہیں۔ فوٹو:فائل

گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے ڈرگ ترمیمی ایکٹ بل کی منظوری دے دی ہے جب کہ صوبے میں نئے قانون کے خلاف میڈیکل اسٹورز، ادویات سازوں اور ڈسٹری بیوٹرز سراپا احتجاج ہیں۔

پنجاب حکومت نے فارماسیوٹیکل کمپنیوں، ادویات ساز اداروں کے تقسیم کاروں اور میڈکل اسٹورز مالکان کے مطالبات کو یکسر مسترد کردیا ہے، اس حوالے سے چند روز قبل پنجاب اسمبلی میں منظور کئے گئے ڈرگ ایکٹ کے قانونی مسودے پر دستخط کردیئے ہیں۔

دوسری جانب سانحہ مال روڈ کے باوجود پنجاب ڈرگ ایکٹ 2017 کےخلاف پنجاب بھر میں کیمسٹ ایسوسی ایشن، ڈرگ ایسوسی ایشن اور فارماسوٹیکل کمپنیوں کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی جس کے باعث ہیں میڈیکل اسٹورز بند ہونے سے ادویات نایاب ہوگئیں۔ میڈیکل اسٹورز مالکان کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کے نئے قوانین ڈرگ ڈیلرز اور میڈیکل اسٹور مالکان کو حراساں کر نے کے مترادف ہیں لہذا یہ قوانین قابل قبول نہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ادویہ ساز کمپنیوں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی کیمسٹ و ڈرگسٹ ایسوسی ایشن اور فارما انڈسٹری نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کر رکھی ہے جب کہ فیصل آباد، چینوٹ میں میڈیکل اسٹورز مالکان نے احتجاجی دھر نا دینے کا اعلان کردیا، گوجرانوالہ ریجن میں میڈیکل اسٹورز دوسرے روز بھی نہ کھل سکے جب کہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بھی تمام میڈیکل اسٹور بند رہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ادویہ ساز کمپنیوں کا ہڑتال کا اعلان

کراچی کی ہول سیل میڈیسن مارکیٹیں معمول کے مطابق کھلی رہیں، ہول سیل کراچی فارما آرگنائزیشن کے مطابق مارکیٹیں کھولنے کا فیصلہ شہریوں کو پریشانی سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا تاہم آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ملک بھر کی ایسوسی ایشن سے مذاکرات کے بعد کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔