پی سی ڈی ایم اے کاوفدکل 15روزہ دورے پربھارت روانہ ہوگا

کیمیکلزاینڈڈائزکی نمائندہ ایسوسی ایشنزکے ساتھ اجلاس،نمائش میں شرکت کریگا


Business Reporter January 06, 2013
بھارت سے درآمدی سرگرمیوں میں اضافے سے صنعتوں خاص طور پر ٹیکسٹائل انڈسٹری کو سستا خام مال دستیاب ہو سکے گا۔ فوٹو: فائل

پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) کا 28 رکنی وفد پیر7جنوری کو بھارت کے دورے پرروانہ ہوگا۔

کیمیکلز اینڈپرسنل کیئر پراڈکٹس ایکسپورٹ پروموشن کونسل انڈیا (کیمیک سل) کی دعوت پرپاکستانی درآمد کنندگان کا وفد پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین سلیم ولی محمد کی سربراہی میں 15روز تک بھارت میںقیام کرے گا۔ پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین سلیم ولی محمدنے بتایاکہ وفد بھارت میں منعقد ہونے والی کیمیکلز اینڈ ڈائز کی سب سے بڑی نمائش '' وائبرینٹ گجرات 2013 ''میں شرکت کرے گا۔

کیمیکلز اینڈ ڈائز کی نمائندہ ایسوسی ایشنز اور''کیمیک سل''کے ساتھ اجلاس کے علاوہ باہمی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلیے بھارتی تاجروں سے بزنس ٹو بزنس میٹنگزکا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس کا مقصد بھارت سے کیمیکلز اور ڈائزکی درآمدکو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن اور ڈائر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن انڈیااورکیمیک سل کے ساتھ گزشتہ سال دستخط کیے گئے ایم او یوز پر پیشرفت کے حوالے سے بھی تفصیلی تبالہ خیال کیاجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ دیگر ممالک کی نسبت بھارت میں درآمدی آئٹمزکی قیمتیں کم ہیں، بھارت سے درآمدی سرگرمیوں میں اضافے سے صنعتوں خاص طور پر ٹیکسٹائل انڈسٹری کو سستا خام مال دستیاب ہو سکے گا جس سے پیداواری لاگت میں نمایاں کمی ہو گی۔سلیم ولی محمد نے بتایاکہ وفد بھارت میں قیام کے دوران ممبئی، سورت، احمد آباد، دہلی اور دیگر علاقوں کابھی دورہ کرے گااوربھارتی تاجروں سے ملاقات پاکستان اور بھارت کے درمیان دستیاب تجارتی مواقع کا جائزہ لے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں